بھٹکل (فکروخبر نیوز) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) بھٹکل یونٹ کے زیرِ اہتمام بروز جمعرات، 3 ستمبر 2026 کو بھٹکل میں ایک عظیم الشان "تعلقہ انٹر کالج ہسٹوریکل فیئر” (تہذیبی و تاریخی میلے) کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ تاریخی پروگرام نیو شمس اسکول بھٹکل کے ڈاکٹر ایم ٹی حسن باپا ہال میں منعقد ہوگا، جس کا مرکزی عنوان "ماضی کے نقوش: دریافت، تحقیق اور تحفظ” (Imprints of the Past: Discover, Research, Preserve) رکھا گیا ہے۔
اس تاریخی میلے کا بنیادی مقصد طلباء اور شہریوں میں کرناٹک اور بالخصوص ساحلی علاقے کے شاندار تاریخی و ثقافتی ورثے کے تئیں بیداری پیدا کرنا ہے، نیز نوجوانوں میں علاقے کی تاریخ پر تحقیق اور اس کے تحفظ کا ذوق و شوق بیدار کرنا ہے۔ پروگرام کے تحت ایک خصوصی نمائش کا اہتمام کیا جائے گا جس میں متنوع تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی موضوعات کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس موقع پر طالب علموں کو یہ موقع حاصل ہوگا کہ وہ اپنی تحقیقاتی کاوشیں اور خطے کی تاریخ سے متعلق اپنی فہم و بصیرت شائقین اور مہمانوں کے سامنے پیش کر سکیں۔
ایس آئی او کی جانب سے طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے کل 30,000 روپے کا نقد انعامی فنڈ (Prize Pool) مختص کیا گیا ہے۔ اس اہم تعلیمی و تاریخی پروگرام میں ایس آئی او انڈیا کے سابق قومی سکریٹری و سابق ریاستی صدر جناب کڈیور نہال بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں، انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری جناب محمد اسحاق شابندری اور مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا عزیز الرحمن رکن الدین ندوی بحیثیت اعزازی مہمانان شرکت فرمائیں گے۔
منتظمین کے مطابق افتتاح کی باوقار تقریب صبح 9:00 بجے سے 10:30 بجے تک منعقد ہوگی، جس کے بعد نمائش 10:30 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک عام لوگوں کے لیے کھلی رہے گی۔ جبکہ اختتامی و انعامی تقریب دوپہر 3:00 بجے سے 4:00 بجے تک طے کی گئی ہے۔
ایس آئی او بھٹکل یونٹ کے ذمہ داران نے تمام طلباء، تعلیمی اداروں، صحافیوں اور عام شہریوں سے اس علمی و تاریخی میلے میں کثیر تعداد میں شرکت کرنے اور خطے کی تاریخی میراث کی حفاظت کی اس کاوش کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔




