بنگلورو(فکروخبرنیوز) بارہ ربیع الاول کی مبارک و مسرور ساعتوں کے موقع پر مدرسہ دارالحسنین، بنگی پورہ میں "سیرتِ ساقیِ کوثر ﷺ” کے عنوان پرایک پروقار اور عظیم الشان اصلاحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ بارش کے باوجود اس ایمان افروز محفل میں علاقے کے ساتھ ساتھ دور دراز سے آئے ہوئے عاشقانِ رسول ﷺ نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے قرآن و سنت سے اپنی وابستگی کا ثبوت دیا۔
اجلاس میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت فرماتے ہوئے معروف داعیِ اسلام، مہتمم و شیخ الحدیث دارالعلوم شاہ ولی اللہ مولانا اکبر شریف صاحب ندوی نے اپنے صدارتی و کلیدی خطاب میں ایک مدرسے کے چار بنیادی اوصاف تعلیم و تربیت، باصلاحیت اساتذہ، مخلص ذمہ داران اور بہترین نظم و نسق پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مدرسہ دارالحسنین کے تعلیمی معیار، اساتذہ کی محنت اور انتظامیہ کی قربانیوں کی زبردست ستائش کی اور طلبہ کو اخلاص کے ساتھ حفظِ قرآن اور سیرتِ نبوی ﷺ کو اپنی زندگیوں میں ڈھالنے کی تلقین فرمائی۔
پروگرام کا سب سے جذباتی اور رقت انگیز منظر اس وقت سامنے آیا جب حفظِ قرآن مکمل کرنے والے دو خوش نصیب طلبہ (جن میں ایک یتیم طالب علم بھی شامل تھا) نے اپنا آخری سبق سنانے کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر مہتمم مدرسہ حضرت مولانا محمد شاکراللہ صاحب رشادی مدظلہ اور اراکینِ انتظامیہ کی جانب سے دونوں حفاظ کو عمرہ کی سعادت کے لیے ایئر ٹکٹس بطورِ تحفہ پیش کیے گئے جس سے پورا ماحول تکبیر و تحسین کی صداؤں اور ایمانی کیفیت سے گونج اٹھا۔ اجلاس کا اختتام حضرت مولانا اکبر شریف ندوی کی رقت انگیز دعا اور نمازِ عشاء کے بعد عام ضیافت پر ہوا۔




