انکولا (فکروخبرنیوز) ضلع اتر کنڑ کے تعلقہ انکولا میں بدھ کے روز منعقدہ میلاد النبی ﷺ کے پرامن جلوس کے دوران فلسطینی پرچم کی نمائش کرنے کے الزام میں پولیس نے ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق حراست میں لیے گئے نوجوان کی شناخت کرشنا پور کے وٹھل گھاٹ کے رہائشی محمد رضا شیخ کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جب میلاد کا جلوس کینی کراس اور باندی بازار روڈ سے گزر رہا تھا، تب اس نوجوان نے پرچم لہرایا۔ واقعے پر فوری نظر پڑتے ہی انکولا کے پولیس انسپکٹر چندرشیکھر مٹھ پتی نے مداخلت کی اور مقامی مسلم برادری کے ذمہ داران و قائدین کے تعاون سے پرچم کو جلوس سے ہٹوا دیا۔
پولیس کی بروقت اقدام اور کمیونٹی لیڈروں کے تعاون کی وجہ سے صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں رہی اور میلاد کا جلوس بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے امن و امان کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس معاملے میں پولیس انسپکٹر کی جانب سے درج کی گئی سووموٹو (Suo Motu) شکایت کی بنیاد پر کیس درج کر لیا گیا ہے اور حراست میں لیے گئے نوجوان سے مزید تفتیش جاری ہے۔




