بنگلورو (فکروخبر نیوز) کرناٹک میں گاڑی مالکان کو اب آلودگی کنٹرول (PUC) سرٹیفکیٹ کے لیے پہلے سے زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔ ریاستی ٹرانسپورٹ محکمہ نے ایمیشن ٹیسٹنگ سینٹرز کی فیسوں میں ترمیم کرتے ہوئے نئی شرحیں نافذ کردی ہیں۔
نئی شرحوں کے مطابق دو پہیا گاڑیوں کی ایمیشن ٹیسٹنگ فیس 65 سے بڑھا کر 80 روپے، آٹو رکشہ کی فیس 75 سے بڑھا کر 80 روپے، جبکہ پیٹرول، ایل پی جی اور سی این جی سے چلنے والی کاروں کی فیس 115 سے بڑھا کر 150 روپے کردی گئی ہے۔ ڈیزل گاڑیوں کے لیے فیس میں سب سے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے، جو 160 سے بڑھا کر 200 روپے مقرر کی گئی ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق فیس میں اضافہ ٹرانسپورٹ کمشنر اور روڈ سیفٹی کمشنر کی سفارشات کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔ ایمیشن ٹیسٹنگ سینٹرز اونرس ایسوسی ایشن نے بجلی، انٹرنیٹ، آلات کی دیکھ بھال اور ملازمین کی تنخواہوں سمیت بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیش نظر فیس میں نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا۔
محکمہ نے گاڑی مالکان کو ہدایت دی ہے کہ وہ PUC سرٹیفکیٹ کی میعاد ختم ہونے سے قبل مجاز اور کمپیوٹرائزڈ ایمیشن ٹیسٹنگ سینٹر سے گاڑی کی جانچ کروائیں۔ عام طور پر PUC سرٹیفکیٹ چھ ماہ کے لیے جاری کیا جاتا ہے، جبکہ BS-4 اور BS-6 معیار کی گاڑیوں کے لیے اس کی میعاد بعض صورتوں میں ایک سال تک ہوسکتی ہے۔




