عصر حاضر میں دعوت کے اسالیب کے عنوان پر مولانا محمد الیاس ندوی کا محاضرہ، طلبہ کو دعوتی میدان میں آگے آنے کی تلقین
بھٹکل (فکروخبر نیوز) دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے سابق مہتمم حضرت مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندویؒ کی وفات پر تعزیت پیش کرنے اور ان کے اہل خانہ، ندوۃ العلماء کے ذمہ داران اور اساتذہ سے اظہارِ ہمدردی کے لیے بھٹکل سے علماء و ذمہ داران پر مشتمل ایک وفد نے ندوۃ العلماء کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفد نے ندوۃ العلماء کے ناظم مولانا سید بلال حسنی ندوی، نو منتخب مہتمم مولانا عبدالعزیز بھٹکلی ندوی، نائب مہتمم مولانا نیاز احمد ندوی سمیت متعدد ذمہ داران اور اساتذہ سے ملاقات کرتے ہوئے حضرت مولانا سعید الرحمن اعظمی ندویؒ کے انتقال پر تعزیت پیش کی۔
وفد نے ندوۃ العلماء کے کیمپس سے متصل مکارم نگر میں واقع مرحوم مولانا کے گھر پہنچ کر ان کے فرزندان اور داماد سے بھی ملاقات کی اور تعزیتِ مسنونہ پیش کرتے ہوئے اپنے رنج و غم کا اظہار کیا۔
حضرت مولانا سعید الرحمن اعظمی ندویؒ کا بھٹکل سے گہرا اور خصوصی تعلق تھا۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل، مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی اور دیگر دینی و علمی اداروں سے انہیں خصوصی وابستگی تھی۔ بھٹکل کے مختلف اداروں کے ذمہ داران وقتاً فوقتاً علمی و دعوتی امور میں رہنمائی اور مشورے کے لیے ان کی خدمت میں حاضر ہوتے رہے۔ مولانا مرحوم کے بھٹکل کے متعدد اسفار ہوئے، جن کے دوران اہلِ بھٹکل کو ان سے استفادہ کا موقع ملا۔ ان کے انتقال سے علمی و دعوتی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا ہے۔
مولانا عبدالعزیز بھٹکلی ندوی کو اہتمام کی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد
دورے کے دوران وفد نے دارالعلوم ندوۃ العلماء کے نو منتخب مہتمم مولانا عبدالعزیز بھٹکلی ندوی سے بھی ملاقات کی اور انہیں اس اہم ذمہ داری پر فائز ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ وفد نے جامعہ اسلامیہ بھٹکل، مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی ، فکروخبر بھٹکل اور بھٹکل کے دیگر اداروں کی جانب سے تہنیت پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی سرپرستی اور نگرانی میں ندوۃ العلماء علمی، تعلیمی اور دعوتی میدانوں میں ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔
عصر حاضر میں دعوت کے اسالیب پر محاضرہ
اس دورے سے استفادہ کرتے ہوئے علامہ شبلی نعمانیؒ کے نام سے موسوم ہاسٹل کے تاریخی جمالیہ ہال میں ’’عصر حاضر میں دعوت کے اسالیب‘‘ کے عنوان سے ایک محاضراتی نشست بھی منعقد کی گئی۔ اس میں مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے بانی و جنرل سیکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی نے طلبہ کے سامنے اپنا قیمتی محاضرہ پیش کیا۔
مولانا محمد الیاس ندوی نے اپنے خطاب میں موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق دعوتی اسلوب اختیار کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دعوتِ دین قرآن و سنت سے ثابت اور منصوص عمل ہے، جبکہ اس کے طریقے اور اسالیب زمانے، حالات اور مخاطبین کے لحاظ سے مختلف ہوسکتے ہیں۔ قرآن مجید نے دعوت کے لیے حکمت، موعظۂ حسنہ اور بہترین انداز میں گفتگو کی رہنمائی فرمائی ہے۔ اس لیے دعوت کے میدان میں جدید ذرائع اور مؤثر اسالیب اختیار کرنا درست ہے، بشرطیکہ وہ شریعت کے اصولوں کے خلاف نہ ہوں۔ اصل مقصد اللہ کے دین کا پیغام حکمت، خیرخواہی اور بصیرت کے ساتھ لوگوں تک پہنچانا ہے۔ دعوت کا مقصد ثابت ہے، لیکن اس مقصد کے حصول کے لیے اختیار کیے جانے والے جائز طریقے حالات کے مطابق مختلف ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ دعوت کے میدان میں آگے آئیں، زمانے کے تقاضوں کو سمجھیں اور حکمت و بصیرت کے ساتھ دین کی خدمت کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ اس موقع پر مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی نے بھی خطاب کیا۔
طلبائے بھٹکل کے ساتھ خصوصی نشست، تعلیمی مقصد کے حصول اور ادارے کے ضوابط کی پابندی پر زور
طلبائے بھٹکل کے ساتھ منعقدہ خصوصی نشست میں مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی نے طلبہ کو دارالعلوم ندوۃ العلماء کے ضوابط کی پابندی اور ان کی روشنی میں اپنے تمام امور انجام دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کرکے یہاں آنے کا بنیادی مقصد علم حاصل کرنا ہے، اس لیے طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے مقصد کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں اور اس کے حصول کے لیے بھرپور کوشش کریں۔ اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کا یہ ایک قیمتی موقع ہے، جس سے صحیح طور پر فائدہ اٹھا کر تعلیمی میدان میں نمایاں ترقی کی جاسکتی ہے۔
جنرل سکریٹری مجلس اصلاح وتنظیم نے تنظیم کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے نام میں اصلاح کا لفظ بھی شامل ہے، جو اس کے اصلاحی مشن کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تنظیم کے اصلاحی کاموں میں حتی المقدور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد طلبہ مختلف عملی میدانوں میں اپنی خدمات انجام دیں گے، لیکن اصلاح کا کام کسی ایک مقام تک محدود نہیں، بلکہ جہاں بھی رہیں، وہاں اپنی استطاعت کے مطابق اس فریضے کو انجام دے سکتے ہیں۔
جنرل سکریٹری ابنائے جامعہ دبئی مولانا مصدق ندوی نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ دنیا کے کسی بھی گوشے میں جائیں، اپنی دینی و علمی شناخت برقرار رکھیں اور اپنے تعلیمی اداروں اور اساتذہ سے تعلق مضبوط بنائے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے تجربات اور مشوروں سے استفادہ کرتے ہوئے زندگی کے مختلف مراحل میں آگے بڑھنا کامیابی کے لیے اہم ہے۔
اس وفد میں مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی، ندوة العلماء کے رکن شوریٰ مولانا محمد الیاس ندوی، محاسب جامعہ مولانا بشیر احمد ندوی، مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سیکریٹری مولانا عزیز الرحمن ندوی ، مولانا مصدق ندوی ، مولوی اسماعیل نائف وغیرہ شامل تھے۔




