کاروار (فکروخبر نیوز) اترا کنڑ کی ضلعی پنچایت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) ڈاکٹر دلیش ششی نے واضح کیا ہے کہ دیہی پینے کے پانی اور صفائی کے شعبے (RDWS) کے تحت ٹاسک فورس منصوبوں سمیت تمام ترقیاتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی بھی تعمیری کام میں معیار کی کمی یا لاپرواہی پائی گئی تو متعلقہ افسران کے خلاف سخت قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وہ پیر کے روز ضلعی پنچایت ہال میں منعقدہ ڈسٹرکٹ واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر دلیش ششی نے ہدایت دی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی منصوبے کے اخراجات کے بل اسی وقت منظور کیے جائیں گے جب کام کی مکمل تفصیلات اور جی پی ایس (GPS) پر مبنی تصویری شواہد پیش کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت دی کہ بورویل کی کھدائی مکمل ہونے کے فوراً بعد بجلی کا کنکشن اور پمپ سیٹ نصب کرنے کا عمل یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں ضلع بھر میں قائم صاف پینے کے پانی کے یونٹس (RO Plants) کی دیکھ بھال، مرمت اور مؤثر کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی پنچایت کے ڈپٹی سکریٹری ایم ایس اللہ بخش، دیہی پینے کے پانی اور صفائی شعبے کے ایگزیکٹو انجینئر، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرز، جونیئر انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔




