بھٹکل (فکروخبرنیوز) فکروخبر اور اسلامی افکار کے زیرِ اہتمام منعقدہ دس روزہ آن لائن فقہی مسابقہ بحمد اللہ کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ مسابقہ میں تقریباً 2000 افراد نے رجسٹریشن کرایا، جبکہ شرکاء نے روزانہ کی بنیاد پر اپنے جوابات ارسال کرکے مسابقہ میں بھرپور شرکت کی۔
منتظمین کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا گیا تھا کہ روزانہ سب سے کم وقت میں درست جواب دینے والے شرکاء کو خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا، جن کے نام مسابقہ کے واٹس ایپ چینل پر جاری کیے جا چکے ہیں۔
مسابقہ کی سب سے اہم کڑی نتائج کا اعلان ہے، جس کے لیے 30 جولائی 2026ء، بروز جمعرات، بعد نمازِ عشاء رات 9:15 بجے ایک آن لائن نشست منعقد کی جائے گی۔ اس نشست میں فکروخبر کے صدر مولانا محمد الیاس ندوی اور انجمن حامیِ مسلمین کے صدر جناب یونس قاضیا بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے، اور اسی موقع پر مسابقہ کے حتمی نتائج کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
مسابقہ میں اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے شرکاء کو قرعہ اندازی کے ذریعہ انعامات سے نوازا جائے گا۔ اس کے علاوہ روزانہ جوابات ارسال کرنے والے تمام شرکاء کے درمیان بھی قرعہ اندازی کے ذریعے خصوصی انعامات تقسیم کیے جائیں گے، خواہ ان کے تمام جوابات درست نہ بھی ہوں۔
لائیو پروگرام کے دوران ناظرین کے لیے پانچ سوالات وقفہ وقفہ سے پوچھے جائیں گے جس کے صحیح جوابات دینے والوں کو ایک ہزار کے انعام سے نوازا جائے گا۔ اس کوئز مسابقہ میں ہر وہ شخص شریک ہوسکے گا جو لائیو پروگرام دیکھ رہا ہوگا۔




