ولکی (فکروخبر نیوز) ولکی میں قائم اتحاد پبلک اسکول کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد بدھ، 22 جولائی 2026 کو ایک پروقار تقریب میں رکھا گیا۔ طلبہ و طالبات کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ادارے کی توسیعی ضروریات کو پیش نظراس تعمیری منصوبے کا سنگِ بنیاد استادِ حدیث جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور قاضیِ مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی نے اپنے دستِ مبارک سے رکھا۔ اس موقع پر بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر عتیق الرحمن منیری اور بھٹکل مسلم جماعت منطقہ شرقیہ کے صدر جناب ارشاد صدیقہ بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شراوتی مسلم کونسل کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ سکری ندوی نے ادارے کے تعلیمی سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اتحاد پبلک اسکول کا قیام 2016 میں عمل میں آیا تھا۔ ابتدائی مرحلے میں محدود وسائل اور چند کمروں سے شروع ہونے والا یہ ادارہ جناب ارشاد صدیقہ کے تعاون سے ایک معیاری تعلیمی مرکز کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ، خصوصاً طالبات کی بڑھتی ہوئی تعداد، نئے کلاس رومز کی ضرورت اور مستقبل کے تعلیمی منصوبوں کو سامنے رکھتے ہوئے جناب ارشاد صدیقہ نے اپنی والدہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب اور صدقۂ جاریہ کی نیت سے نئی عمارت کی تعمیر کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اتحاد پبلک اسکول شراوتی خطے کا ایک مثالی انگلش میڈیم ادارہ ہے، جہاں معیاری عصری تعلیم کے ساتھ دینیات اورحفظِ قرآن کا بھی بہترین انتظام موجود ہے۔ تعلیمی سال 2025-26 میں ادارے کے ایس ایس ایل سی (SSLC) کے طلبہ نے سو فیصد کامیابی حاصل کرکے اسکول کی تعلیمی کارکردگی کا ایک اور روشن باب رقم کیا۔
تقریب میں مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی مدنی ، جناب ارشاد صدیقہ، ڈاکٹر عتیق الرحمن منیری اور بھٹکل و اطراف کی مختلف جماعتوں کے ذمہ داران، بالخصوص بھٹکل مسلم جماعت منطقہ شرقیہ (سعودی عرب) کے اراکین اور دیگر معزز شخصیات نے بھی سنگِ بنیاد کی رسم میں شرکت کی۔ آخر میں مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی مدنی نے ادارے کی مسلسل ترقی، نئی عمارت کی جلد تکمیل اور اس عظیم تعلیمی منصوبے میں تعاون کرنے والے تمام افراد کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔




