مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی ووٹرز سے ایس آئی آر 2026 فارم فوری جمع کرنے کی اپیل،

‘مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل’ نے ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی مہم (SIR 2026) کے پیش نظر تمام اہل ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے اپنے اینومریشن فارمز (Enumeration Forms فارم پر کر کے متعلقہ حکام کے پاس جمع کرائیں۔ یہ بات مجلسِ اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے جمعرات، ۲۳ جولائی ۲۰۲۶ کو بندر روڈ پر واقع تنظیم ایس آئی آر ہیلپ لائن سینٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کرناٹک کی واضح ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ اگر کسی ووٹر کے پاس اپنے یا اپنے خاندان کے ۲۰۰۲ کے پرانے ریکارڈز اور تفصیلات دستیاب نہیں ہیں، تو اس کی بنیاد پر فارم جمع کرنے میں تاخیر نہ کی جائے۔

پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکٹورل آفیسر کرناٹک کی وضاحتی رپورٹ کو پیش کرتے ہوئے تنظیم کے صدر نے کہا کہ پرانی تفصیلات نہ ہونے کی وجہ سے ووٹنگ کے بنیادی حق سے محروم ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے، اس لیے شہری گھبرانے کے بجائے اپنا فارم جلد از جلد جمع کریں۔ انہوں نے ان ووٹرز سے جنہیں ابھی تک اینومریشن فارم موصول نہیں ہوئے ہیں، اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اپنے متعلقہ بوتھ لیول آفیسر (BLO) سے رابطہ کریں۔ جن افراد کو فارم مل چکے ہیں، انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ تمام اندراجات کو دھیان سے بھریں اور اپنے بی ایل او یا بوتھ لیول ایجنٹ (BLA) کو وقت پر سونپ دیں۔

تنظیم ایس آئی آر کمیٹی کے چیئرمین مبشر ہلارے نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بندر روڈ پر واقع تنظیم ہیلپ لائن سینٹر پچھلے تقریباً ایک ماہ سے عوام الناس کو بلامعاوضہ خدمات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نئے ووٹر رجسٹریشن کے لیے درکار ‘فارم ۶’ (Form 6) کی مفت خدمات ۲۶ جولائی ۲۰۲۶ سے ہیلپ لائن سینٹر پر باضابطہ طور پر شروع کر دی جائیں گی۔ شہری اپنے اینومریشن فارم کی تصدیق، فارم ۶ کی آن لائن اور آف لائن رجسٹریشن، دستاویزات کی رہنمائی اور دیگر فنی سہولیات کے لیے مرکز پر آ کر مفت خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔

تنظیم نے ملکی سطح پر پیش آنے والے جمہوریت مخالف واقعات پر بھی اپنے موقف کو واضح کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران مجلسِ اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عزیز الرحمن رکن الدین نے دہلی کے تاریخی جنتر منتر پر اپنے آئینی حقوق کے لیے احتجاج کرنے والے نہتے طلبہ، خواتین اور پرامن مظاہرین پر پولیس کی جانب سے کیے گئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے استعمال کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کا حق جمہوری نظام کی روح اور بنیادی جزو ہے، اور حکومت کو چاہیے کہ وہ طاقت کے استعمال کے بجائے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اپنائے اور ان کے جائز مطالبات کو بلا تاخیر حل کرے۔

یہ پریس کانفرنس بھٹکل میں شام 5:30 بجے منعقد کی گئی تھی جس میں تنظیم کے نائب صدر قمر سعدا اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ تنظیم نے مسلم کمیٹی اور بالخصوص تمام شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ایس ائی آر کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔

شیئر کریں۔