بھٹکل (فکروخبر نیوز) جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں آج ایک مختصر سی تقریب کے دوران بھٹکل مسلم جماعت منطقہ شرقیہ (سعودی عرب) کی جانب سے طلبہ کی سہولت کے لیے ایک نئی اسکول بس ہدیہ کی گئی۔ اس سلسلے میں جامعہ کے ایڈمنسٹریٹیو بلاک کے احاطے میں منعقدہ تقریب میں جماعت کے ذمہ داران نے بس کی چابی اور متعلقہ دستاویزات باضابطہ طور پر جامعہ انتظامیہ کے حوالے کیے۔
تقریب میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے ناظم، نائب ناظم ، مہتمم اور نائب مہتمم سمیت اساتذۂ کرام اور جماعت کے نمائندگان شریک رہے۔ اس موقع پرذمہ داران نے منطقہ شرقیہ جماعت کی تعلیمی و فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جماعت نے ہمیشہ جامعہ کی ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور تعاون کیا ہے۔ نئی بس کی فراہمی سے طلبہ کی آمد و رفت میں نمایاں سہولت پیدا ہوگی اور تعلیمی سرگرمیوں کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔
جامعہ کے ذمہ داران نے جماعت کے اس مخلصانہ اور قابلِ قدر اقدام پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم اہلِ خیر کی یہ خدمات ادارے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر جماعت کے ذمہ داران اور معاونین کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر بھٹکل مسلم جماعت منطقہ شرقیہ کے صدر جناب ارشاد صدیقہ ، جنرل سکریٹری مولانا شعور میگون ، مولانا تنویر جوشیدی ، مولانا ثناء اللہ ، مولانا اسحاق موٹیا ، جناب سرفراز جاکٹی ، جناب سید امتیاز ایس ایم ، جناب فہیم سعدا ، جناب جلیل ائیکری ، جناب نزیح ائیکری اور جامعہ کے ذمہ داران میں ناظم مولانا طلحہ ندوی ، نائب ناظم مولانا خلیل الرحمن منیری ، مہتمم مولانا مقبول احمد ندوی ، نائب مہتمم مولانا عبدالعلیم ندوی ، اساتذہ میں مولانا عبدالرب ندوی ، مولانا خواجہ معین الدین ندوی اور دیگر موجود تھے۔




