کرناٹک ایس آئی آر : ووٹروں کے نام حذف کرنے کی مبینہ سازش پر بی جے پی کے 10 بوتھ ایجنٹس کو ہائی کورٹ سے بڑی راحت، تفتیش پر روک

بنگلورو: کرناٹک ہائی کورٹ نے منگل کے روز انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے دوران مبینہ طور پر ووٹرز کے نام حذف کرنے کی کوشش کے الزام میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 10 بوتھ لیول ایجنٹس (BLAs) کے خلاف درج مزید تین ایف آئی آر کی تفتیش پر عبوری روک لگا دی ہے۔ درخواست گزاروں پر الزام ہے کہ انہوں نے بڑی تعداد میں فارم 7 کے ذریعے اعتراضات داخل کر کے ووٹرز کے نام انتخابی فہرست سے خارج کرانے کی کوشش کی تھی۔

جسٹس اننت رام ناتھ ہیگڑے پر مشتمل سنگل جج بنچ نے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ رجسٹریشن آف الیکٹورل رولز 1960 کے تحت فارم 7 میں فراہم کردہ معلومات کی درستگی کی جانچ اور انکوائری کا باقاعدہ قانونی طریقہ کار موجود ہے، اور غلط معلومات دینے کی صورت میں سزا کے احکامات بھی اسی قانون میں شامل ہیں۔

عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ شکایت کا بنیادی الزام یہ ہے کہ مذکورہ فارمز میں غلط معلومات درج کی گئی ہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگرچہ 1960 کے انتخابی قواعد بھارتیہ نیائے سنہیتا (BNS) یا بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا (BNSS) کے اطلاق کو مکمل طور پر ختم نہیں کرتے، تاہم شکایت میں عائد الزامات کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے اس مرحلے پر متعلقہ دفعات کے تحت فوجداری تفتیش کی اجازت دینے کا کوئی جواز نہیں بنتا، کیونکہ بادی النظر میں ایسے شواہد موجود نہیں ہیں جن کی بنیاد پر فوری تفتیش ضروری ہو۔

عدالت نے مزید کہا کہ پہلے 1960 کے قواعد کے تحت انکوائری مکمل ہونی چاہیے تاکہ یہ طے ہو سکے کہ آیا درخواست گزاروں نے درست معلومات فراہم کی تھیں یا نہیں۔ عدالت کے مطابق رجسٹریشن آفیسر کی رپورٹ سے ہی یہ مواد سامنے آئے گا کہ آیا ان ایف آئی آر کو منسوخ کیا جانا چاہیے یا پھر کسی جرم کے تحت تفتیش کا حکم دیا جانا چاہیے۔

ایک متعلقہ درخواست میں عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ شکایت کے مندرجات میں کسی ووٹر کے دستخط کی جعلسازی کا کوئی حوالہ موجود نہیں ہے، اس لیے جعلسازی کا الزام برقرار نہیں رہتا۔

میسورو کے نرسمہاراجا پولیس اسٹیشن میں درج مقدمے میں ہریش کمار سی، ایم راگھویندر اور ڈاکٹر انیل تھامس کو نامزد کیا گیا ہے۔ اسی طرح جے نگر پولیس اسٹیشن میں رام کرشنا اور یوگیش ڈی آر کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے، جبکہ کوڈاگو کے شنیوارسنتے پولیس اسٹیشن میں یو ایچ لوکیش، رجنی، ناگراج اے سی، سویتا این ملالی اور بسواراجو بی این کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ان تمام افراد پر بھارتیہ نیائے سنہیتا (BNS) کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات قائم کیے گئے ہیں، جن میں دفعہ 319 (بھیس بدل کر دھوکہ دہی)، دفعہ 336 (جعلسازی) اور دفعہ 61(2) (مجرمانہ سازش) شامل ہیں۔ واضح رہے کہ انتخابی قواعد کے تحت فارم 7 کا استعمال موجودہ انتخابی فہرست میں کسی نام کی شمولیت یا اخراج پر اعتراض داخل کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔

قبل ازیں اکتوبر کے مہینے میں بھی ہائی کورٹ نے بی جے پی بوتھ ایجنٹس جی ایس وسنت لکشمی اور دیپک سنگھ آر کی درخواستوں پر مزید تفتیش روک دی تھی۔ ریاستی حکومت نے اس حکم امتناعی کو منسوخ کرنے کے لیے درخواست دائر کی تھی، تاہم عدالت نے اس پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھتے ہوئے تفتیش پر روک برقرار رکھی تھی۔

تازہ سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزاروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاستی الیکشن کمیشن کو بھی اس مقدمے میں فریق بنائیں۔ عدالت نے کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ درخواست گزاروں کی جانب سے داخل کیے گئے فارم 7 پر لیے گئے فیصلوں سے متعلق تمام دستاویزات اور مواد عدالت میں پیش کیا جائے۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی جانب سے سینئر ایڈووکیٹ ارون شیام ایم اور ایڈووکیٹ ایپا کے جی پیش ہوئے، جبکہ ریاست کی نمائندگی ایڈووکیٹ جنرل ششی کرن شیٹی اور اسٹیٹ پبلک پراسیکیوٹر بی این جگدیش نے کی۔

شیئر کریں۔