بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل میں سرکاری اسپتال کو جانے والی اہم سڑک کی خستہ حالی اور طویل عرصے سے جاری بدحالی کے خلاف مقامی شہریوں اور گاڑی مالکان کا صبر آخرکار جواب دے گیا۔ انتظامیہ اور بلدیہ کی مسلسل بے توجہی کے خلاف شہریوں نے ایک منفرد اور علامتی احتجاج کرتے ہوئے سڑک کے بیچ موجود گہرے گڑھوں میں پودے لگا دیے اور متعلقہ حکام کی توجہ اس سنگین مسئلے کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کی۔
مقامی افراد کے مطابق ساگر روڈ سے سرکاری اسپتال تک جانے والی یہ اہم سڑک عرصۂ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ جگہ جگہ بنے گہرے گڑھوں اور بارش کے پانی سے بھرے نشیب و فراز نے اس راستے کو مسافروں کے لیے خطرناک بنا دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ سینکڑوں مریض، حاملہ خواتین، بزرگ شہری اور تیماردار اسی سڑک کے ذریعے سرکاری اسپتال پہنچتے ہیں، مگر سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے موسم میں سڑک کی حالت مزید خراب ہو چکی ہے اور پانی بھر جانے کی وجہ سے گڑھے نظر نہیں آتے، جس کے باعث کسی بھی وقت سنگین حادثہ پیش آسکتا ہے۔ احتجاج میں شریک افراد نے مطالبہ کیا کہ عوامی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر سڑک کی مرمت، گڑھوں کی بھرائی اور مکمل ڈامبرنگ کا کام شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔




