ایس آئی آر: اترا کنڑا میں 99 فیصد سے زائد فارموں کی تقسیم، ریاست بھر میں 86 فیصد ہدف مکمل ، بنگلورو سب سے پیچھے ، ڈیوٹی کے دوران 3 ملازمین جاں بحق

کاروار/بھٹکل (فکروخبر نیوز) کرناٹک بھر میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات پر چلائی جانے والی ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرِ ثانی (SIR) مہم اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ ضلع اترا کنڑا کی  ڈپٹی کمشنر اور ضلع الیکشن آفیسر کے لکشمی پریا نے اعلان کیا ہے کہ پورے ضلع میں 99 فیصد سے زائد تشخیصی فارم ووٹرز میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

کاروار میں ڈپٹی کمشنر دفتر میں منعقدہ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی ایک اہم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ووٹرز کی رہنمائی کے لیے ضلعی سطح پر فری ووٹر ہیلپ لائن نمبر (08382-1950) جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلع پنچایت کی جانب سے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹر اسسٹنس سینٹرز (امدادی مراکز) بھی قائم کیے گئے ہیں۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا، کانگریس کے ضلعی نائب صدر کے شمبھو شیٹی، سی پی آئی (ایم) کے شانتارام نائک، بی جے پی کے این ایس ہیگڈے، جے ڈی ایس کے سورج نائک سونی اور الیکشن برانچ کے شیرستیدار شیخ سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

دوسری جانب کرناٹک کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) وی انبوکمار کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ریاست بھر میں اب تک 86.32 فیصد ووٹرز تک فارم پہنچائے جا چکے ہیں، جو کہ کل 5,54,32,314 رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 4,78,47,260 بنتے ہیں۔ تاہم ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر الیکشن کمیشن نے سخت کارروائی کرتے ہوئے 35 بوتھ لیول افسران (BLOs) کو شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے لازمی ‘گھر گھر تصدیق’ کے بجائے گروپوں میں فارم تقسیم کیے۔ ریاست میں گھر گھر تصدیق اور ڈیجیٹلائزیشن کا یہ عمل 29 جولائی 2026 تک جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک 2,20,549 ووٹرز کو غائب، منتقل شدہ، فوت شدہ یا ڈوپلیکیٹ زمرے میں ڈالا گیا ہے جن میں 85,088 فوت شدہ ووٹرز بھی شامل ہیں۔

ریاستی سطح پر بہتر کارکردگی کے باوجود دارالحکومت بنگلورو اس مہم میں کمی نظر آ رہی ہے، جہاں گریٹر بنگلورو اتھارٹی کے مطابق صرف 55.16 فیصد فارم تقسیم ہو سکے ہیں۔ سینئر صحافی اور سماجی کارکن شیوسندر نے اس سست روی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں میں دفتری اوقات کے دوران اکثر گھروں میں تالے لگے ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے بی ایل اوز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے ایک ماہ کی مختصر مدت اور کام کے شدید دباؤ پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

اس مہم کا ایک تاریک پہلو کام کے شدید دباؤ کے باعث تین سرکاری ملازمین کی اچانک موت ہے۔ بنگلورو ساؤتھ میں بی ایل او نتراج اور بیدر ضلع کے املہ پور گاؤں میں 45 سالہ بی ایل او سنیل ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئے، جبکہ ٹمکور میں 26 سالہ خاتون ولیج ایڈمنسٹریٹو آفیسر بھاونا ڈیوٹی پر جاتے ہوئے سڑک حادثے کا شکار ہو کر لقمہِ اجل بن گئیں۔ ان اموات پر ریونیو ملازمین کی یونینز نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹمکور ڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور کام کا بوجھ کم کرنے اور حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کیا۔

ان تمام خدشات پر ردِعمل دیتے ہوئے سی ای او وی انبوکمار نے یقین دلایا ہے کہ ضلعی حکام کو شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن ووٹرز کو اپنے پرانے انتخابی ریکارڈ تلاش کرنے میں دشواری ہو رہی ہے وہ متعلقہ کالم خالی چھوڑ سکتے ہیں اور بی ایل اوز یا آن لائن پورٹل سے مدد لے سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی بھی زبان میں فارم جمع کرائے جا سکتے ہیں اور 29 جولائی تک تصحیح کا عمل جاری رہے گا۔

شیئر کریں۔