کمٹہ (فکروخبر نیوز) قومی شاہراہ 66 پر برگی کے قریب پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں آئی ٹی آئی کے ایک طالب علم کی موت واقع ہوگئی، جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی حالت میں زندگی اور موت کی کشمکش سے گزر رہا ہے۔
مہلوک طالب علم کی شناخت چنمے پٹگار کے طور پر ہوئی ہے، جو کمٹہ تعلقہ کے ہیگڈے گاؤں (تاری باگیلو) کا رہائشی تھا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے دوسرے طالب علم تلک مراٹھی کا تعلق سرسی سے بتایا گیا ہے۔ اس کی تشویشناک حالت کے پیش نظر ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے بہتر علاج کے لیے منگلورو منتقل کردیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق چنمے پٹگار اور تلک مراٹھی اپنی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر انکولہ کے آئی ٹی آئی کالج میں پریکٹیکل امتحان دینے جا رہے تھے۔ اسی دوران کمٹہ تعلقہ کے برگی کے قریب قومی شاہراہ 66 پر ایک نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے ان کی بائیک کو زور دار ٹکر مار دی۔
حادثہ اس قدر شدید تھا کہ دونوں طلبہ سڑک پر گر کر شدید زخمی ہوگئے۔ چنمے پٹگار کے سر پر گہری چوٹ آئی اور اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی گوکرن پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقدمہ درج کرکے فرار ہونے والی گاڑی اور اس کے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس مختلف زاویوں سے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
نوجوان طالب علم کی اچانک موت سے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اہل خانہ، رشتہ داروں اور دوستوں مغموم ہیں جبکہ مقامی عوام نے حادثے کے ذمہ دار افراد کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔




