کنداپور(فکروخبرنیوز) کنداپور میں ملیکٹے کے قریب آرٹے برج کے پاس اتوار کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں دو نجی مسافر بسوں کے درمیان ہوئی آمنے سامنے کی بھیانک ٹکر میں 28 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے 3 مسافروں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کنداپور سے بھٹکل کی طرف جا رہی سری درگامبا بس اور منترالیہ سے منگلورو کی جانب آ رہی گنیش بس کے درمیان منگل کی صبح آمنے سامنے زور دار تصادم ہو گیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ سری درگامبا بس کا اگلا حصہ برے طریقے سے تباہ ہو گیا۔ تصادم کے بعد بے قابو ہونے والی بس نے پیچھے سے آ رہی ایک گڈز (سامان بردار) گاڑی کو بھی اپنی زد میں لے لیا، جس سے گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی گنگولی سے ‘ایم ایچ آئی آپتھ بندھوا’ کی ایمبولینس ٹیم جس میں ابراہیم گنگولی، ابرار اور رضاکار وکاس شامل تھے، دو ایمبولینسوں کے ساتھ موقع پر پہنچے اور مقامی آٹو ڈرائیوروں شرتھ، کرشنا اور پرشانت کی مدد سے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔ 3 شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے منیپال کے ہسپتال بھیجا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو کنداپور کے مختلف ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد کنداپور ٹریفک پولیس پی ایس آئی انوپ نائک اور دیگر پولیس اہلکاروں نے موقعِ واردات کا معائنہ کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔




