بھٹکل (فکروخبر نیوز) ممتاز اور مایہ ناز عالمِ دین مولانا سید سلمان حسینی ندوی کے انتقال پر ملال پر جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی وسیع و عریض مسجد میں ایک اہم تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ صبح ٹھیک بارہ بجے شروع ہونے والے اس تعزیتی اجتماع میں مہتمم جامعہ، اساتذۂ کرام اور دیگر ذمہ دارانِ جامعہ نے شرکت کرکے مولانا مرحوم کی گراں قدر زندگی اور ان کے علمی و دعوتی کارناموں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
تعزیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس بات کا خاص طور پر اعادہ کیا کہ بھٹکل کے ساتھ مولانا مرحوم کا ایک والہانہ اور گہرا تعلق تھا. وہ یہاں منعقد ہونے والے اکثر تعلیمی و دعوتی پروگراموں میں سرگرمی سے شرکت فرماتے تھے، جس کے باعث یہاں کے عوام و خواص کو ان کے علم سے بھرپور استفادہ کرنے کا موقع ملتا تھا. بھٹکل میں مولانا کے شاگردوں اور محبین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے، جو ان کے اس خطے کے سفر کے دوران ان سے ملاقات اور علمی فیض حاصل کرنے کے لیے جامعہ اسلامیہ حاضر ہو جایا کرتے تھے. مقررین نے یہ بھی واضح کیا کہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے کئی بڑے اور تاریخی پروگرام خود مولانا کی سرپرستی اور رہنمائی میں پایۂ تکمیل کو پہنچے جن میں خاص طور پرجامعہ اسلامیہ کا پچاس سالہ تعلیمی کنونشن اور جمعیت الشباب کے پروگرام قابلِ ذکر ہے۔ انہوں نے فکری و علمی طور پر یہاں کے علماء کی مثالی رہنمائی کی. مولانا کی متعدد منفرد خصوصیات میں ان کی بے باکی اور ‘حق گوئی’ ایک کلیدی صفت تھی، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مقررین نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ بھٹکل سے تعلق رکھنے والے مولانا کے صفِ اول کے شاگردوں میں سابق مہتمم جامعہ اور سابق امام وخطیب مولانا عبدالباری رحمۃ اللہ علیہ ، قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی ، قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی ، مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی ، بانی وجنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی و علی پبلک اسکول بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی اور مولانا شعیب ندوی وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔
مقررین میں مولانا عبدالعلیم قاسمی ، مولانا مقبول احمد ندوی ، مولانا محمد الیاس ندوی ، مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی ، مولانا شعیب ندوی ، مولانا فاروق ندوی ، مولانا خلیل الرحمن منیری ندوی ، مولانا عبدالمتین منیری اور دیگر قابلِ ذکر ہیں۔




