بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سیکورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ریاست کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (قانون و انتظام) آر ہتیندر نے بنگلورو سے خصوصی طور پر بھٹکل کا دورہ کیا اور مقامی سطح پر امن و امان اور سیکورٹی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایک طویل عرصے کے بعد ریاست کے کسی اتنے سینئر پولیس افسر نے خود بھٹکل کا دورہ کر کے زمینی حالات کا معائنہ کیا ہے، جس کی وجہ سے اس دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل مانا جا رہا ہے۔
اپنے اس اہم دورے کے دوران اے ڈی جی پی آر ہتیندر نے ضلع اتر کنڑ کے اعلیٰ پولیس حکام کے ساتھ بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں ایک ہائی لیول میٹنگ کی، جہاں انہیں روایتی انداز میں ‘گارڈ آف آنر’ پیش کیا گیا۔ اس میٹنگ میں ویسٹرن رینج کے انسپکٹر جنرل (آئی جی پی)، اتر کنڑا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) اور دیگر اہم پولیس افسران موجود تھے۔ میٹنگ میں بھٹکل سمیت پورے ضلع میں قانون و انتظام کی تازہ ترین صورتحال اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اے ڈی جی پی آر ہتیندر نے موقع پر موجود تمام افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں ہر حال میں امن و امان قائم رکھا جائے اور کسی بھی شخص یا عنصر کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی بالکل اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے شرپسندوں کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائی جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ میٹنگ میں سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹی خبریں اور افواہیں پھیلانے والے عناصر پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ آر ہتیندر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں اور جہاں بھی ضرورت ہو، افواہ بازوں کے خلاف قانون کے مطابق فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔




