بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل کے چار طلبہ و طالبات نے ایم بی بی ایس کی تعلیم کامیابی کے ساتھ مکمل کرتے ہوئے ڈاکٹری کی ڈگری حاصل کر لی ہے۔ مختلف میڈیکل کالجوں سے فارغ التحصیل ہونے والے ان نوجوان ڈاکٹروں کی اس کامیابی پر تعلیمی و سماجی حلقوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے والوں میں حافظ ڈاکٹر عمار گوائی ابن ڈاکٹر جمیل گوائی نمایاں ہیں، جنہوں نے الامین میڈیکل کالج، وجئے پور (بیجاپور) سے اپنی طبی تعلیم مکمل کی ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم نونہال سینٹرل اسکول جبکہ پری یونیورسٹی تعلیم اینیپویا کالج سے حاصل کی۔ ڈاکٹر عمار گوائی کی ایک نمایاں خصوصیت یہ بھی ہے کہ انہوں نے بھٹکل کے معروف دینی ادارے جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے حفظِ قرآن کریم کی سعادت بھی حاصل کی، جس کے باعث وہ دینی اور عصری تعلیم کے حسین امتزاج کی ایک عمدہ مثال بن گئے ہیں۔
اسی طرح ڈاکٹر محمد ربیع قمری ابن بلال احمد قمری نے اے جے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، منگلورو سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرکے اپنے خاندان اور شہر کا نام روشن کیا ہے۔
طالبات میں ڈاکٹر رقیہ کوبٹے بنت جیلانی کوبٹے نے ینیپویا میڈیکل کالج، منگلورو سے اپنی طبی تعلیم مکمل کی ہے۔ وہ زمانۂ طالب علمی سے ہی غیر معمولی تعلیمی صلاحیتوں کی حامل رہی ہیں اور ایس ایس ایل سی میں نمایاں کامیابی پر باوقار رابطہ ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
اسی طرح ڈاکٹر خدیجہ نورہ بنت سید وسیم ایس جے نے بھی اے جے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، منگلورو سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی ہے اور طبی میدان میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کرنے جا رہی ہیں۔
شہر کے ان چاروں نوجوان ڈاکٹروں کی یہ کامیابی ان کی مسلسل محنت، عزم اور والدین و اساتذہ کی دعاؤں کا ثمرہ ہے۔ ان کی کامیابی خاندانوں کے ساتھ ساتھ بلکہ پورے بھٹکل کے لیے باعثِ افتخار ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ نوجوان معالجین مستقبل میں انسانیت کی خدمت کے اعلیٰ نمونے پیش کریں گے۔
ادارہ فکروخبر ان تمام نو منتخب ڈاکٹروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے اور ان کے روشن مستقبل، مزید کامیابیوں اور انسانیت کی بھرپور خدمت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے۔




