بھٹکل (فکروخبرنیوز) گزشتہ کئی ہفتوں سے بارش کی کمی کے باعث پریشان عوام لیے آج خوشی کی خبر ہے۔ بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹک میں آج صبح سے بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے اور کسانوں کے چہروں پر خوشیاں لوٹ آئی ہیں۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات (IMD) کی جانب سے پہلے ہی مانسون کی بحالی کے آثار ظاہر کیے گئے تھے، اور اب اس کی عملی جھلک مختلف علاقوں میں نظر آنے لگی ہے۔ ماہرین کے مطابق وسطی بھارت کے اوپر بارش برسانے والے بادلوں کا نظام مضبوط ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں آئندہ چند دنوں کے دوران بارش کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 19 جون سے 25 جون کے درمیان چھتیس گڑھ ، مشرقی و مغربی مدھیہ پردیش اور ودربھ کے علاقوں میں اچھی بارش ہونے کا امکان ہے۔ یہ وہ علاقے ہیں جہاں گزشتہ چند ہفتوں سے شدید گرمی اور بارش کی کمی کے باعث عوام اور کسان مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔
ادھر جنوبی ہند میں بھی مانسون نے زور پکڑنا شروع کر دیا ہے۔ تامل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل اور کیرالہ کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ساحلی کرناٹک کے اضلاع بھٹکل، منگلورو، اڈپی، ہوناور اور کاروار میں بھی آج صبح سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور کئی مقامات پر اچھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں کے دوران ساحلی کرناٹک میں مزید موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ شمالی اور جنوبی اندرونی کرناٹک کے بعض علاقوں میں بھی بارش کی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔
زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مانسون کی یہ واپسی کسانوں کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے کیونکہ بارش میں مسلسل کمی کے باعث دھان سمیت کئی فصلوں کی کاشت متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق اگر آئندہ دنوں میں بھی بارش کا یہی سلسلہ برقرار رہا تو زرعی سرگرمیوں کو بڑی تقویت ملے گی اور پانی کے ذخائر میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
بارش کے آغاز کے ساتھ ہی شدید گرمی اور حبس سے پریشان عوام نے راحت محسوس کی ہے، جبکہ کسان اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ مانسون کی یہ سرگرمیاں رواں زرعی سیزن کے لیے بہتر ثابت ہوں گی۔




