مکہ مکرمہ/بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل کے علمی حلقوں کے لیے باعثِ مسرت خبر ہے کہ بھٹکل سے تعلق رکھنے والے ممتاز عالمِ دین اور محقق مولانا عبید اللہ محی الدین اسحاقی ندوی کو مکہ مکرمہ کی عالمی شہرت یافتہ جامعہ ام القریٰ (ام القریٰ یونیورسٹی) سے اسلامک اسٹڈیز میں ڈاکٹریٹ (PhD) کی ڈگری تفویض کی گئی ہے۔
مولانا کے تحقیقی مقالے کا کامیاب مناقشہ جمعرات 3 محرم الحرام 1448ھ کو جامعہ ام القریٰ کے کلیۃ الدعوۃ وأصول الدین، قسم الکتاب والسنۃ (شعبۂ حدیث وعلوم الحدیث) میں منعقد ہوا، جہاں ممتحنین اور اساتذۂ کرام نے ان کی علمی تحقیق کو سراہتے ہوئے ڈاکٹریٹ کی منظوری دی۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مولانا عبید اللہ اسحاقی ندوی نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور اپنے مرحوم والد اور والدہ محترمہ کی دعاؤں، تربیت اور حوصلہ افزائی کو اپنی کامیابی کا بنیادی سبب قرار دیا۔ انہوں نے اپنی مادرِ علمی جامعہ اسلامیہ بھٹکل کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی ادارے نے انہیں اعلیٰ علمی سفر کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی۔ انہوں نے دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کا بھی شکریہ ادا کیا، جہاں سے انہوں نے فضیلت کی تکمیل کی اور حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کی۔
مولانا نے مکہ مکرمہ میں اپنے تعلیمی سفر کے دوران حرم مکی کے سابق ائمہ و خطباء الشیخ محمد السبیلؒ اوران کے فرزند الشیخ عمر السبیلؒ کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی اور تعاون سے جامعہ ام القریٰ میں داخلے کی راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے اپنے اساتذۂ کرام، نگرانِ تحقیق، مناقشین اور سعودی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے علمی ترقی کے مواقع فراہم کیے۔
انہوں نے اپنی شریکِ حیات کی قربانیوں اور تعاون کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رفاقت اور حوصلہ افزائی نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
مولانا عبید اللہ اسحاقی ندوی کی اس نمایاں علمی کامیابی پر بھٹکل اور ملک بھر کے دینی و علمی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مختلف علمی، سماجی اور دینی شخصیات نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کامیابی کو علاقے کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔
ادارہ فکروخبر بھٹکل ان کی اس کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے اور دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید علمی ترقیوں سے نوازے۔ آمین
واضح رہے کہ مولانا عبید اللہ اسحاقی ندوی بھٹکل کی مشہور بزرگ شخصیت محترم مولانا محمد صادق اکرمی ندوی کے داماد اور رفیق فکروخبر مولانا نعمان اکرمی ندوی کے بہنوئی ہیں۔





