بنگلورو (فکروخبر نیوز) کرناٹک حکومت کی دو اہم فلاحی اسکیموں گروہا لکشمی اور گروہا جیوتی کے سلسلے میں ریاستی حکومت صرف حقیقی مستحقین کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے دوبارہ رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے پر غور کر رہی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق نئے طریقۂ کار کے تحت مستفیدین کو سیوا سندھو پورٹل کے ذریعے دوبارہ درخواست دینی پڑ سکتی ہے۔ رجسٹریشن کے لیے آدھار کارڈ، راشن کارڈ، آدھار سے منسلک بینک اکاؤنٹ اور موبائل نمبر کی ضرورت ہوگی۔آن لائن درخواست کے علاوہ عوام گرام ون، کرناٹک ون، بنگلورو ون اور نادا کچہری مراکز کے ذریعے بھی اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔
اس معاملے پر وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے واضح کیا ہے کہ حکومت ان دونوں اسکیموں کو بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں پھیلائی جانے والی یہ افواہیں بے بنیاد ہیں کہ حکومت اسکیموں کو ختم کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت صرف یہ یقینی بنانا چاہتی ہے کہ اسکیموں کا فائدہ صرف اہل اور مستحق افراد تک پہنچے۔ اسی مقصد کے تحت قواعد میں بعض ترامیم اور دوبارہ درخواستوں کے حصول پر غور کیا جا رہا ہے۔
حکومت کی جانب سے باضابطہ رہنما خطوط جاری ہونے کے بعد رجسٹریشن کے طریقۂ کار، اسمارٹ کارڈ کی تقسیم اور دیگر تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔




