اڈپی (فکروخبر نیوز) منیپال میں پیر کے روز ایک بڑا اور ہولناک حادثہ اس وقت ٹل گیا جب ایک نجی اسکول بس کے ڈرائیور نے دورانِ ڈرائیونگ اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باوجود بڑی ہوشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کو محفوظ طریقے سے سڑک کے کنارے لگا دیا۔ اس بروقت فیصلہ کی وجہ سے بس میں سوار درجنوں اسکولی بچے بال بال بچ گئے اور ایک بڑا سانحہ ہونے سے رہ گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک نجی اسکول کی بس بچوں کو لے کر جا رہی تھی۔ بس کے 54 سالہ ڈرائیور، جن کی شناخت سریش سنّاکی بیتّو کے طور پر ہوئی ہے، کو اچانک سینے میں شدید درد محسوس ہوا اور ان کی طبعیت بگڑنے لگی۔ صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے سریش نے گاڑی پر سے اپنا کنٹرول مکمل طور پر کھونے سے پہلے بس کو سڑک کے بائیں جانب موڑنے کی کوشش کی۔ اس کوشش کے دوران بس سڑک کے ایک ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی اور رک گئی۔
خوش قسمتی سے بس میں سوار تمام طلبہ مکمل طور پر محفوظ رہے اور کسی کو بھی سنگین چوٹ نہیں آئی۔ عینی شاہدین اور حکام نے ڈرائیور کی حاضر دماغی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اگر ڈرائیور ہمت نہ دکھاتا تو بہت بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگ اور اسکول کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچا اور ڈرائیور کو فوری طور پر علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔ ان کی صحت سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔




