کاروار (فکروخبر نیوز) ساحلی کرناٹک کے ضلع اترا کنڑا میں نوجوان نسل کو نشے کی لت سے بچانے اور تعلیمی اداروں کا ماحول پاکیزہ رکھنے کے لیے ایک اہم فیصلہ لیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر (ADC) ساجد ملا نے محکمہ تعلیم کے افسران کو سخت ہدایت دی ہے کہ ضلع کے تمام اسکولوں اور کالجوں کے اطراف 100 گز کے اندر تمباکو مصنوعات کی فروخت پر سخت ترین پابندی عائد کی جائے اور کوٹپا (COTPA) ایکٹ کی تمام دفعات کا کڑائی سے نفاذ یقینی بنایا جائے۔ وہ بدھ کو ضلع کلکٹر کے دفتر کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ٹوبیکو کنٹرول سیل کی ضلعی سطحی کواآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر ساجد ملا نے محکمہ تعلیم اور پری یونیورسٹی (PU) تعلیم کے افسران کو حکم دیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے اطراف کا معائنہ کر کے فوری رپورٹ پیش کریں اور اگر کہیں بھی تمباکو فروخت کرنے والی دکانیں پائی جائیں تو انہیں وہاں سے فوراً ہٹایا جائے۔ انہوں نے اسکولوں اور کالجوں کے کیمپس میں تمباکو کے استعمال پر مکمل کنٹرول پانے اور انہیں ‘تمباکو فری اسکول و کالج’ قرار دینے کے لیے ضروری اقدامات کی تاکید کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے ضلع میں کوٹپا قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر چھاپہ مار مہم چلائی جائے اور تمام تاجروں کو تمباکو فروخت کرنے کے لیے خصوصی لائسنس حاصل کرنے کے بارے میں بیدار کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع کے تمام سرکاری دفاتر کو ‘تمباکو فری آفس’ بنانے اور وہاں معلوماتی بورڈز آویزاں کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں موجود انچارج ڈسٹرکٹ سرویلنس آفیسر کیپٹن ڈاکٹر رمیش راؤ نے اہم معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اپریل 2025 سے مارچ 2026 تک پورے ضلع میں کوٹپا ایکٹ کے تحت کی گئی کارروائیوں میں 952 معاملات درج کر کے کل 1,36,200 روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔ اس دوران اسکولوں اور کالجوں میں بیداری کے 104 پروگرام اور مختلف تعلقہ جات میں 252 معلوماتی مہمات چلائی گئی ہیں۔ اس اہم اجلاس میں محکمہ زراعت کے جوائنٹ ڈائریکٹر شیو پرساد گاوَنکر، پی یو ایجوکیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ستیش نائک اور اسٹیٹ ٹوبیکو کنٹرول سیل کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر مہانتیش اولاگیڈی سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔



