بھٹکل (فکروخبر نیوز) مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمیں پر منعقد ہونے والے باوقار ‘شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلۂ قرآن کریم 1448ھ’ کے لیے ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے امیدواروں کا حتمی انتخاب عمل میں آیا ہے۔ ملک بھر کے باصلاحیت حفاظ میں سے کڑے انتخابی مراحل کے بعد دو طلبہ اور دو طالبات کو اس عالمی پلیٹ فارم پر ملک کا نام روشن کرنے کے لیے نامزد کیا گیا ہے، موصوف جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں عالیہ اولیٰ کے طالب علم جو کہ مولانا شکیب شاہ بندری ندوی کے فرزند ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اس باوقار مقابلے کے لیے امیدواروں کے انتخاب کی غرض سے پہلے مرحلے میں ملک بھر سے 21 ممتاز طلبہ کا ابتدائی امتحان لیا گیا تھا۔ بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ان میں سے پانچ امیدواروں کو حتمی مرحلۂ انتخاب (فائنل اسکریننگ) کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا۔ بعد ازاں، 31 مئی 2026 کو منعقدہ آخری جانچ اور ماہرین کی باہمی مشاورت کے بعد ہندوستان کی نمائندگی کے لیے دو حتمی امیدواروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
منتخب ہونے والے خوش نصیب طلبہ میں محمد سفیان بن محمد منور شامل ہیں، جو اس عالمی مقابلے کے پانچویں زمرے میں ‘سورۂ فاتحہ سے سورۂ نساء تک’ حفظِ قرآن کے ساتھ شرکت کریں گے۔ اسی طرح، بھٹکل کے محمد بن شکیب شاہ بندری ندوی کو چوتھے زمرے کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جن کا نصاب ‘سورۂ فاتحہ سے سورۂ کہف تک’ حفظ پر مشتمل ہے۔ بھٹکل اور ملک کے دیگر دینی و تعلیمی حلقوں نے طلبہ کی اس عظیم کامیابی پر والہانہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے اور دعا کی ہے کہ یہ نوجوان مکہ مکرمہ میں ملک و ملت کا نام روشن کریں۔ واضح رہے کہ شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلۂ قرآن کریم عالمِ اسلام کے معتبر ترین مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں دنیا بھر سے چیدہ وچنیدہ حفاظ اور قراء حصہ لیتے ہیں۔




