مونسون سے قبل پینے کے پانی کے تمام ذرائع کی جانچ لازمی، ڈسٹرکٹ پنچایت سی ای او ڈاکٹر دلیش شاشی کی سخت ہدایت

کاروار: ضلع پنچایت سی ای او ڈاکٹر دلیش شاشی نے مانسون سے قبل پینے کے پانی کے تمام ذرائع کی جانچ اور صاف پانی کی بلاتعطل فراہمی کی سخت ہدایت دی ہے۔

کاروار (فکروخبر نیوز) اترا کنڑا ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈاکٹر دلیش شاشی نے متعلقہ محکموں کے افسران کو سخت ہدایت دی ہے کہ وہ مونسون (بارشوں کے موسم) کے آغاز سے قبل ضلع بھر میں پینے کے پانی کے تمام ذرائع کا باریک بینی سے معائنہ اور لیب ٹیسٹ کریں۔ یہ فیصلہ پینے کے پانی کی آلودگی کو روکنے اور وبائی امراض سے عوامی صحت کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ وہ پیر کے روز ضلع پنچایت ہال میں منعقدہ ‘ڈسٹرکٹ واٹر اینڈ سینی ٹیشن مشن کمیٹی’ کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈاکٹر دلیش شاشی نے اجلاس میں زور دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ جلد ہی اسکول، کالجز اور آنگن واڑیاں دوبارہ کھلنے والی ہیں، اس لیے تعلیمی اداروں اور رہائشی علاقوں میں فراہم کیے جانے والے پینے کے پانی کے معیار کی فوری تصدیق کی جائے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ عوام کو صاف اور محفوظ پانی کی بلاتعطل فراہمی ہر حال میں یقینی بنائی جائے۔ سی ای او نے واضح کیا کہ پانی کی سپلائی کے منصوبوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام محکموں کے درمیان باہمی تال میل انتہائی ضروری ہے اوراس سلسلے میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس کے دوران انہوں نے ہیسکام (HESCOM) کے حکام کو حکم دیا کہ وہ ‘جل جیون مشن’ کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں کو فوری طور پر بجلی کے کنکشن فراہم کریں تاکہ پانی کی سپلائی کی خدمات میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاری اور مستقبل کے کاموں سے متعلق تفصیلی اور درست تجاویز ٹاسک فورس کمیٹی کے سامنے پیش کرنے سے پہلے تمام متعلقہ افسران باہمی تعاون سے پراجیکٹ رپورٹس اور تخمینے تیار کریں۔

 اس اہم میٹنگ میں ضلع پنچایت کے ڈپٹی سکریٹری اللہ بخش، چیف اکاؤنٹنٹ آنندسا حبیب، رورل ڈرنکنگ واٹر اینڈ سینی ٹیشن ڈیپارٹمنٹ کے ایگزیکٹو انجینئر ایچ ستیاپا اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔

شیئر کریں۔