سیکولر کیرالہ میں نفرت انگیز مہم کی اجازت نہیں دی جائے گی، نامزد وزیر اعلیٰ وی ڈی ساتھیسن کا دوٹوک اعلان

کیرالہ کے نامزد وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما وی ڈی ساتھیسن نے واضح کیا ہے کہ ریاست کے سیکولر کردار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور یہاں کسی بھی قسم کی نفرت انگیز مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اپنے نام کا باقاعدہ اعلان ہونے کے ایک دن بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر منظم طریقے سے منافرت پھیلانے کی کوششوں کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کیرالہ کے عوام نے حالیہ انتخابات کے ذریعے پورے ملک کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے سیکولر تانے بانے کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان اصل لڑائی نظریاتی ہے، اور یو ڈی ایف حکومت کی بنیادی ترجیح ریاست کی گنگا جمنی تہذیب اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہوگی، جس میں اقلیتوں اور تمام طبقات کو تحفظ کا احساس ملے۔

ملک بھر میں ایندھن کی قیمتوں میں تین روپے فی لیٹر کے حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نامزد وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی قیادت میں آنے والی حکومت چارج سنبھالنے کے فوراً بعد اس کے معاشی اور سماجی اثرات کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ مرکزی فیصلوں کے سامنے ریاستی حکومتوں کی ایک خاص حد ہوتی ہے، لیکن وہ عوام پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے تمام ممکنہ اصلاحی اقدامات اٹھائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے ملک گیر سطح پر نیٹ یو جی 2026 کے امتحانی پرچے کے مبینہ لیک ہونے کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ اگرچہ یہ امتحان مرکزی سطح پر منعقد ہوتا ہے، لیکن کیرالہ حکومت طلبہ کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو ٹھوس تجاویز ارسال کرے گی۔

سیاسی صف بندی اور کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے وی ڈی ساتھیسن نے کانگریس کے قدآور رہنما رمیش چینیتھلا سے ملاقات کی، جو خود بھی وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں شامل تھے۔ انہوں نے اس ملاقات کو دو بھائیوں کا ملن قرار دیتے ہوئے کہا کہ چینیتھلا ان کے طالب علمی کے زمانے سے ہی قائد رہے ہیں اور ان کی سرپرستی حکومت چلانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ رمیش چینیتھلا کی نئی کابینہ میں شمولیت کے سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی قیادت ان کی مشاورت اور مرضی کے مطابق ہی کوئی حتمی فیصلہ کرے گی۔ وی ڈی ساتھیسن 18 مئی کو کیرالہ کے 13ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد ریاست میں کانگریس کی قیادت والے یو ڈی ایف اتحاد کے نئے سیاسی دور کا آغاز ہوگا۔

شیئر کریں۔