دوائیوں کے نام پر 12 لاکھ کی رقم لوٹ لی

کارکلا کے علاقے بیلّمن سے تعلق رکھنے والے ایک 68 سالہ بزرگ شہری، رونالڈ روڈریگس، کو ان کی کینسر اور فالج زدہ اہلیہ کے علاج کا جھانسہ دے کر 12 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ لی گئی۔ رولینڈ روڈریگس، جو پہلے بیرون ملک مقیم تھے، اپنی اہلیہ روزی کے علاج کے لیے پریشان تھے، اسی دوران اڈپی میں ان کی ملاقات سدھارتھ نامی شخص سے ہوئی جس نے آیورویدک طریقہ علاج سے مکمل شفایابی کا یقین دلا کر ان کا اعتماد جیت لیا۔

ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں، مادھو اور انیل کے ساتھ مل کر بزرگ شہری کو قیمتی ادویات خریدنے پر آمادہ کیا اور مختلف اقساط میں گوگل پے، نقد رقم اور بینک چیکس کے ذریعے مجموعی طور پر 12 لاکھ 8 ہزار روپے بٹور لیے۔ جب ادویات کے استعمال کے باوجود مریضہ کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی اور ملزمان نے اپنے موبائل فون بند کر دیے، تو متاثرہ شخص کو احساس ہوا کہ وہ دھوکہ دہی کا شکار ہو چکے ہیں۔

 بزرگ شہری کی شکایت پر کارکلا ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے اس فراڈ میں ملوث گروہ کی تلاش شروع کر دی ہے۔

شیئر کریں۔