محفلِ شعر و ادب بھٹکل کی شعری نشست ، ممتاز شعراء نے کلام پیش کیا
بھٹکل ،(فکرو خبر) مشاعرے ہماری تہذیبی روایات کے امین ہیں،مشاعرے اردو کی بقا کا ذریعہ ہیں اور اچھی شاعری و ادب کے فروغ میں بھی مشاعرے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ بھٹکل میں محفل شعروادب کے زیر انتظام منعقد شعری نشست میں ابتدائی گفتگو کرتے ہوئے محفل شعر و ادب کے ذمہ دار سید احمد سالک ندوی نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ عموما بڑے مشاعروں کے مقابلے میں مختصر نشستیں شاعری کے فنی تقاضوں کو اور ادبی محاسن کو سمجھنے میں مفید رول ادا کرتی ہیں۔
سید احمد سالک ندوی نے اس موقع پر محفل شعرو ادب کے مشاعرے میں شریک تمام شعراء کا استقبال کیا اور ادب اور شاعری کے اس کاروان کو آگے بڑھانے میں تعاون کی گزارش کی۔
مشاعرے کا آغاز عنایت اللہ خاطر،کے کلام سے ہوا اس کے بعد مولانا جعفر صوان ندوی مولوی عبدالعلیم ابو، مولوی رائف کولا (فاتح بھٹکلی ) جناب رحمت اللہ رحمت, شیموگہ جناب ابن حسن بھٹکلی، سید احمد سالک ندوی بھٹکلی ،جناب اقبال سعیدی, ڈاکٹر محمد حنیف شباب نے باری باری اپنا کلام پیش کیا۔ مشاعرے کا آغاز حافظ عبدالرحمن کی تلاوت کلام پاک سے ہوا تھا اس کے بعد ایک طالب علم فائز ہلارے نے ہدیہ نعت پیش کی اور مولوی عبدالعلیم ابو ندوی نے حاضرین کا استقبال کیا،جب کہ سید احمد سالک ندوی نے مشاعرے کی نظامت کی ۔ محفل شعروادب کے سیکرٹری مولوی بشار رکن الدین ندوی کے کلمات تشکر پر رات قریب گیارہ بجے تواضع کے انتظام کے ساتھ مشاعرہ اختتام کو پہنچا۔




