ولکی: مدرسہ فاطمۃ الزہراء میں سالانہ ثقافتی و الوداعی جلسہ، 3 طالبات کی تکمیلِ حفظِ قرآن اور تقسیمِ اسناد

ولکی: (فکروخبرنیوز) ولکی میں طالبات کی دینی درسگاہ مدرسہ فاطمۃ الزہراءؓ میں پیر کے روز ایک عظیم الشان سالانہ ثقافتی و الوداعی جلسہ منعقد ہوا۔ مدرسہ کے صحن میں منعقدہ یہ جلسہ دوپہر 2:30 بجے سے رات گئے تک جاری رہا، جس کی صدارت مرڈیشور سے تشریف لائیں مہمان معلمہ نے فرمائی۔

جلسہ تین مختلف نشستوں پر مشتمل تھا۔ اس موقع پر طالبات نے نہایت دلکش انداز میں حمد، نعت، تعلیمی و تربیتی تقاریر، نظمیں اور مختلف دلچسپ مکالمے پیش کیے۔ مدرسہ کا مخصوص ترانہ بھی طالبات نے خوش الحانی کے ساتھ پڑھا۔ اس سال فارغ ہونے والی 5 طالبات نے اپنے تعلیمی سفر کی روداد اور تاثرات بیان کیے۔

اس سال مدرسہ کی تاریخ میں پہلی بار شعبہ حفظ سے 3 طالبات نے قرآنِ کریم مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی، جن میں دو بڑی عمر کی خواتین بھی شامل ہیں۔ ان حافظات کو خصوصی تہنیتی اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔

مرڈیشور سے تشریف لائیں مہمان معلمہ نے اپنے پُرمغز خطاب میں موجودہ دور کے فتنوں بالخصوص ارتداد اور الحاد (دین سے دوری) کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس کی بنیادی وجہ دینی تعلیم کی کمی اور اسلامی تربیت کے فقدان کو قرار دیا اور خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی صحیح اسلامی نہج پر پرورش کریں۔

پروگرام کے بہترین انعقاد کے لیے ولکی کے نوجوانوں، مکتب کے طلباء اور ذمہ داران نے دن رات ایک کر کے خدمات انجام دیں، جنہیں مقامی سطح پر انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ خواتین کو لانے اور لے جانے کے لیے سواریوں کا خصوصی انتظام تھا، جبکہ شرکاء کے لیے طعام کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ ولکی اور قرب و جوار سے خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آخر میں مدرسہ کی معلمات نے تمام مہمانوں، مالی تعاون کرنے والوں اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ یہ جلسہ  کلماتِ شکر اور دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

رپورٹ: مختار احمد فخرو ولکوی

شیئر کریں۔