بیندور (فکروخبرنیوز) تراسی بیچ کے قریب اہم شاہراہ پر ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ایک سیاحتی بس کھڑے ہوئے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں 3 افراد کی موت ہو گئی ہے جبکہ کئی دیگر شدید زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، یہ سیاحتی بس مرڈیشور سے اڈپی کی طرف جا رہی تھی کہ تراسی بیچ کے قریب سڑک کے کنارے کھڑے ایک ٹینکر سے زور دار طریقے سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں تین مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور متعدد مسافر زخمی ہو گئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ بس میں تقریباً 47 مسافر سوار تھے، جن کا تعلق شیموگہ ضلع کے شنکر گھٹا ریمبھا پوری کالج سے ہے۔ یہ تمام بی کام (B.Com) کے طلبہ تھے جو ساحلی کرناٹک کے تعلیمی و سیاحتی دورے پر نکلے تھے۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور پولیس نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر کنداپور کے نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ طبی ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بیندور پولیس نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے معائنہ کیا اور اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔




