جامعہ ملیہ اسلامیہ میں آر ایس ایس کے پروگرام پر طلبہ کا شدید احتجاج، کیمپس کے باہر فورسز کی بھاری نفری تعینات

نئی دہلی میں واقع معروف تعلیمی ادارہ جامعہ ملیہ اسلامیہ ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ منگل کے روز یونیورسٹی کیمپس میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے زیر اہتمام منعقدہ ‘یووا کمبھ’ پروگرام کے خلاف طلبہ تنظیموں نے شدید احتجاج شروع کر دیا ہے۔ کیمپس کے اندر این ایس یو آئی اور اے آئی ایس اے سمیت کئی ترقی پسند طلبہ تنظیمیں مسلسل نعرے بازی اور مظاہرہ کر رہی ہیں، جس کے بعد کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے دہلی پولیس اور ریپڈ ایکشن فورس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

دستیاب معلومات کے مطابق جامعہ ملیہ اسلامیہ کے گیٹ نمبر ایک کے باہر سکیورٹی فورسز کا سخت پہرہ ہے اور پورے علاقے کو ایک طرح سے چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اندرون کیمپس طلبہ کا احتجاج جاری ہے جبکہ بیرونی حصے میں پولیس الرٹ موڈ پر ہے۔ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے حالات کو پرامن رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے تاکہ کیمپس کا ماحول مزید خراب نہ ہو۔

احتجاج کرنے والی طلبہ تنظیم اے آئی ایس اے نے ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے آر ایس ایس کی اس تقریب پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ آر ایس ایس مختلف یونیورسٹیوں میں اس طرح کے پروگراموں کے ذریعے خود کو قوم کی تعمیر سے جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ طلبہ رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ جدوجہد آزادی میں حصہ نہ لینے والی تنظیم آج محض اپنی طاقت کو مستحکم کرنے کے لیے قوم پرستی کا کارڈ کھیل رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جامعہ میں سیکولر اور جمہوری اقدار کی پاسداری کرنے والے طلبہ متحد ہیں اور وہ اس ایجنڈے کی مخالفت جاری رکھیں گے۔

طلبہ تنظیموں نے جامعہ انتظامیہ کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا موقف ہے کہ انتظامیہ عموماً ترقی پسند تنظیموں کو تعلیم اور جمہوریت کے موضوع پر پروگرام منعقد کرنے کی اجازت نہیں دیتی، لیکن آر ایس ایس کو کھلے عام اس تقریب کی میزبانی کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ طلبہ کا الزام ہے کہ یہ دوہرا معیار کیمپس کے تعلیمی اور جمہوری ماحول کے لیے نقصان دہ ہے اور ایسی تقریبات کی یونیورسٹی میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔

فی الحال جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اندر اور باہر صورتحال کشیدہ لیکن قابو میں ہے۔ دہلی پولیس کے اہلکار گیٹ پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ صورتحال کسی بھی طرح ہاتھ سے نہ نکلے۔ آر ایس ایس کا یہ ‘یووا کمبھ’ پروگرام شام تک جاری رہنے کا امکان ہے اور اس دوران جامعہ انتظامیہ سمیت تمام سکیورٹی ادارے مکمل طور پر مستعد ہیں۔

شیئر کریں۔