شمس پری یونیورسٹی بھٹکل میں کیریئر گائیڈنس پروگرام کا کامیاب انعقاد :ڈیڑھ سو سے زائد طلبہ کی شرکت

بھٹکل (فکروخبرنیوز) طلبہ کو دسویں اور بارہویں کے بعد درست تعلیمی سمت فراہم کرنے اور ان کی فطری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مقصد سے شمس پری یونیورسٹی بھٹکل اور ایس آئی او (SIO) بھٹکل یونٹ کے مشترکہ تعاون سے ایک روزہ ‘کیریئر گائیڈنس’ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس تربیتی نشست میں ماہرینِ تعلیم نے طلبہ کو روایتی لکیر سے ہٹ کر اپنی دلچسپی کے مطابق شعبہ جات منتخب کرنے کی ترغیب دی۔

پروگرام کے مختلف سیشنز میں مہمانان نے طلبہ سے خطاب کیا جن میں ڈاکٹر عبداللہ یحییٰ زاواری (پی ایچ ڈی اسکالر، منی پال) نے میڈیکل، فارمیسی اور طبی تحقیق (Research) کے میدان میں موجود جدید مواقع پر سیر حاصل گفتگو کی۔پروفیسر عواد چامنڈی (SRF، NIT کالی کٹ)  نے سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے بدلتے ہوئے رجحانات سے طلبہ کو واقف کرایا۔

مولانا عبد الرفیع ندوی نے ہیومینٹیز (ادبی و سماجی علوم) کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کس طرح سماجی اور تاریخی علوم کے ذریعے بھی ایک روشن مستقبل بنایا جا سکتا ہے۔

پروگرام کی انفرادیت ‘ون ٹو ون کونسلنگ’ سیشن رہا، جہاں طلبہ نے ماہرین سے براہِ راست ملاقات کر کے اپنے تعلیمی خدشات اور مستقبل کے منصوبوں پر گفتگو کی۔ انہوں نے زور دیا کہ طلبہ دوسروں کی دیکھا دیکھی کورسز کا انتخاب کرنے کے بجائے اپنی پسند اور مہارت کو ترجیح دیں اور اس کے لیے انتھک محنت کریں۔

پروگرام کا آغاز سید صارم برماور کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جبکہ پروفیسر عبد التواب اکرمی نے استقبالیہ کلمات ادا کیے اور مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ اس موقع پر ادارہ کے نائب صدر اول مولانا ضیاء الرحمن رکن الدین، اسکول بورڈ وائس چیئرمین مولانا سید قطب برماور ندوی، اور سینئر استاد جناب رضا مانوی صاحب بھی موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ثمامہ نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ اس پروگرام میں ڈیڑھ سو سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

شیئر کریں۔