بنگلورو(فکروخبرنیوز/پریس ریلیز) کرناٹک کی کانگریس حکومت کی جانب سے مسلم کمیونٹی کو نظر انداز کرنے اور سیاسی طور پر پسماندہ رکھنے کے خلاف ریاست کی تمام بڑی مسلم تنظیموں، انجمنوں اور وفاقوں نے متحد ہو کر بغاوت کا علم بلند کر دیا ہے۔ ریاست کے معروف مذہبی و سماجی رہنماؤں نے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے، راہل گاندھی اور وزیراعلیٰ سدارامیا سمیت اعلیٰ قیادت کو ایک مشترکہ مکتوب روانہ کیا ہے جس میں کانگریس کے رویے کی سخت مذمت کی گئی ہے۔
ووٹ بینک سمجھنا بند کریں؛ تحفظ خیرات نہیں ہمارا آئینی حق ہے
مشترکہ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ 2023 کے اسمبلی انتخابات میں مسلمانوں نے متحد ہو کر کانگریس کا ساتھ دیا تھا تاکہ ایک سیکولر حکومت تشکیل پائے، لیکن اقتدار میں آتے ہی پارٹی نے اس طبقے کو یکسر فراموش کر دیا۔ قیادت نے کے پی سی سی صدر کے اس بیان پر بھی سخت اعتراض کیا کہ "کانگریس مسلمانوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے”۔ رہنماؤں نے دوٹوک کہا کہ تحفظ کسی سیاسی پارٹی کی خیرات نہیں بلکہ دستورِ ہند کا دیا ہوا بنیادی حق ہے اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
داونگیرے ضمنی انتخاب اور مسلم قیادت کی تذلیل
پریس ریلیز کے مطابق داونگیرے جنوبی ضمنی انتخاب کے دوران ٹکٹ کی تقسیم میں مسلمانوں کے جائز مطالبے کو نہ صرف مسترد کیا گیا بلکہ ان کے ساتھ معاندانہ رویہ اپنایا گیا۔ خط میں الزام لگایا گیا ہے کہ دہائیوں سے پارٹی کے وفادار مسلم لیڈروں کو بغیر کسی وجہ کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا جو کہ سراسر انتقامی کارروائی ہے۔ رہنماؤں نے سوال اٹھایا کہ کیا ڈسپلن کی کارروائی صرف مسلم لیڈروں کے لیے مخصوص ہے؟ جبکہ دیگر غالب برادریوں کے لیڈروں کے خلاف پارٹی مخالف سرگرمیوں پر بھی خاموشی اختیار کی جاتی ہے۔
سیاسی متبادل کھلے رکھنے کا انتباہ
مسلم تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ اگر کانگریس نے اپنا طرزِ عمل نہ بدلا اور 2023 کے منشور میں کیے گئے وعدے پورے نہ کیے تو کمیونٹی اپنے سیاسی متبادل کھلے رکھنے پر مجبور ہوگی۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کے کلیدی عہدوں پر مسلمانوں کو مناسب نمائندگی دی جائے اور کمیونٹی کے مذہبی و سماجی رہنماؤں کو اعتماد میں لیے بغیر یکطرفہ فیصلے بند کیے جائیں۔
مکتوب پر دستخط کرنے والی نمایاں شخصیات
اس مشترکہ احتجاجی مکتوب پر ریاست کی جن اہم شخصیات نے دستخط کیے ہیں ان میں شامل ہیں:
مولانا سید تنویر ہاشمی (صدر مسلم متحدہ کونسل، وجئے پورہ)
عبدالقدیر صاحب (صدر شاہین گروپ، بیدر)
مولانا شبیر احمد ندوی (بنگلورو)
کے ایس محمد مسعود (مسلم سنٹرل کمیٹی، منگلورو)
مولانا افتخار احمد قاسمی (صدر جمعیت علماء کرناٹک)
مولانا عبدالرقیب ندوی (جنرل سکریٹری مجلسِ اصلاح و تنظیم، بھٹکل)
اشرف علی بشیر (کنوینر مسلم وائس آف کرناٹک، ہبلی)
ڈاکٹر عبدالکریم (سابق صدر ریاستی اقلیتی کمیشن)
اور دیگر اضلاع کے اہم ملی و سماجی نمائندے۔




