بھٹکل(فکروخبرنیوز) بھٹکل اور اطراف کے علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بار بار کی کٹوتی نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ شدید گرمی کے اس موسم میں بجلی کی آنکھ مچولی سے عوام میں سخت ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ اس سنگین صورتحال کے درمیان یہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ ہیسکام (HESCOM) کے چیئرمین سید عظیم پیر قادری منگل کو بھٹکل کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں وہ مجلس اصلاح و تنظیم کی دعوت پر ایک اہم پروگرام میں شرکت کریں گے۔
مقامی سطح پر بجلی کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ 110 کے وی سب اسٹیشن کے کام میں تاخیر بتائی جا رہی ہے۔ ساگر روڈ پر واقع اس اسٹیشن کا کام دو سال قبل شروع ہوا تھا، لیکن نجی زمینوں کے تنازعات اور ہائی کورٹ میں زیر سماعت معاملات کی وجہ سے ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا کام ادھورا ہے۔ فی الحال ہیبلے گرڈ پر گنجائش سے زیادہ بوجھ ہونے کی وجہ سے دیہی علاقوں میں بجلی منقطع کرنا محکمہ کی مجبوری بن گئی ہے۔
ہیسکام حکام کا کہنا ہے کہ سرسی اور کمٹہ سے آنے والی مین لائنوں میں اکثر خرابی پیدا ہو جاتی ہے۔ اس کے حل کے لیے بیندور سے متبادل لائن بچھانے کی تجویز تو موجود ہے، مگر محکمہ جنگلات کی منظوری نہ ملنے کی وجہ سے یہ منصوبہ بھی التواء کا شکار ہے۔
عوام کو امید ہے کہ ہیسکام چیئرمین کے اس دورے کے دوران مقامی ذمہ داران ان کے سامنے بجلی کے دیرینہ مسائل رکھیں گے اور 110 کے وی منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔




