ممتا کا بی جے پی پرایک ہزار کروڑ کی ڈیل کا الزام

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کو بی جے پی پر انتخابات سے پہلے ووٹروں کو رشوت دینے کا الزام لگایا۔ انہوں نے بنگال کے انتخابات سے قبل ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی(ایس آئی آر)کو حالیہ دنوں میں ملک کا سب سے بڑا گھوٹالہ قرار دیا۔ اتوار کو انہوں نے مشرقی بردوان ضلع کے کھنڈاگھوش اوربانکورا میں ریلیوں سے خطاب کیا۔ ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ اگر بی جے پی ریاست میں اقتدار میں آتی ہے تو وہ مغربی بنگال کے لوگوں سے سب کچھ چھین لے گی۔ انہوں نے کہا’’بی جے پی انتخابات سے پہلے ووٹروں کو رشوت دیتی ہے لیکن وہ ووٹنگ ختم ہونے کے فوراً بعد اپنے وعدوں کو بھول جاتی ہے۔ یہ بہار کے انتخابات میں دیکھا گیا ہے۔ ‘‘ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی بنگال کو ’سونار بنگلہ‘ بنانے کی بات کرتی ہے، لیکن جن ریاستوں میں وہ اقتدار میں ہے وہاں بنگال کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی کی جاتی ہے۔ بانکورا میں ریلی کے دوران ممتا نےکہا کہ بی جے پی نے ٹی ایم سی کو شکست دینے کیلئے ایک ہزار کروڑ روپے کا سودا کیا ہے۔ انتخابی علاقوں میں تلاشی کے نام پر مرکزی فورسیز خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہیں۔ 
انتخابی عمل میں دھاندلی کے الزامات
ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے سربراہ نے مزید الزام لگایا کہ بی جے پی انتخابات جیتنے کے لیے ووٹنگ کے عمل میں ہیرا پھیری کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ محتاط رہیں اور ووٹنگ مشینوں پر نظر رکھیں۔ ممتا بنرجی نے کہا’’ووٹنگ مشینوں کے بارے میں محتاط رہیں۔ بی جے پی نے سست ووٹنگ اورسست گنتی کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان کے تمام منصوبے ناکام کردیں۔ ‘‘

امسال مودی حکومت کے گرنے کی پیش گوئی
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے یہ کہتے ہوئے کہ ایس آئی آر حالیہ دنوں میں ملک کا سب سے بڑا گھوٹالہ ہے، پیش گوئی کی کہ مرکز میں بی جے پی کی حکومت۲۰۲۶ء یعنی امسال ہی گر جائے گی۔ انہوں نے کہا’’ دنیا جانتی ہے کہ آپ کی حکومت۲۰۲۶ءمیں گر جائے گی۔ پھر ہم آپ کی حکومت کے متعارف کرائے گئے تمام عوام مخالف قوانین کو منسوخ کر دیں گے۔ ‘‘
ہمایوں کبیر کے وائرل ویڈیو کی بنیاد پر الزامات
ممتا بنرجی نے مغربی بنگال میں ٹی ایم سی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے بی جے پی پرایک ہزار کروڑ روپے کی سودے بازی کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے یہ الزام ایک وائرل ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے لگایا جو عام آدمی اُنین پارٹی (اے جے یو پی) کے سربراہ ہمایوں کبیر سے متعلق ہے۔ ممتا بنرجی نے ویڈیو کے حوالے سے الزام لگایا ہےکہ ہمایوں کبیر مبینہ طور پر بی جے پی لیڈروں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اقلیتی ووٹوں کو تقسیم کرکے ٹی ایم سی کو شکست دینےکیلئے انہوں نےبی جے پی کے ساتھ ایک ہزار کروڑکی سودے بازی کی ہے اور۲۰۰؍ کروڑ روپے پیشگی وصول بھی کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے تاہم معتبر ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ 

بنگال خاموش نہیں رہے گا: یوگی آدتیہ ناتھ
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اتوار کے روز بنگالی زبان میں ’بانگلا چپ تھاکبے نا‘ (بنگال خاموش نہیں رہے گا) کا نعرہ دیتے ہوئے مغربی بنگال میں اپنے انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ بانکورا ضلع کے سونامکھی میں مہم کا آغاز کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا’’بنگال اب تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے۔ آج بنگال کی حالت دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔ پہلے کانگریس نے اسے برباد کیا، پھر بائیں بازو کی جماعتوں نے اور اب ترنمول کانگریس نے۔ ممتا بنرجی کی حکومت نے بنگال کو غربت کی طرف دھکیل دیا ہے۔ ترنمول نے قوم پرستی کی سرزمین بنگال کو خوشامد کی سیاست کا مرکز بنا دیا ہے اور اب یہ لوٹ مار اور بدانتظامی کی زمین بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا’’آج بنگال میں جو غنڈہ گردی ہے، وہی صورتحال ۹؍ سال پہلے اتر پردیش میں تھی۔ ہر تہوار پر فسادات ہوتے تھے، مہینوں تک کرفیو لگا رہتا تھا، کاروبار ٹھپ ہو جاتا تھا اور غنڈے و مافیا حکومت کے متوازی نظام چلاتے تھے۔ ۲۰۱۷ء میں جب ڈبل انجن حکومت آئی تو حالات بدل گئے۔ اب اتر پردیش میں خوشامد نہیں بلکہ اطمینان ہے۔‘‘
مودی کا مدارس کے حوالہ سے ٹی ایم سی پر نشانہ 
سلی گوڑی (ایجنسی):وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کوسلی گوڑی میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مدارس کودئیے گئے فنڈ کے حوالے سےممتاحکومت کو نشانہ بنایا۔ وزیر اعظم کے مغربی بنگال کے دورے کا اتوار کو دوسرا دن تھا۔ ریلی کے دوران انہوں نے کہا’’ٹی ایم سی نے مدرسوں کیلئے ۶؍ ہزارکروڑ روپے دیے لیکن یہاں ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ وہ صرف اپنے ووٹ بینک کو پیسہ دیتی ہیں۔ آپ نے ٹی ایم سی کے بے رحم دور میں مغربی بنگال کی تباہی دیکھی۔ انہیں ۱۵؍ سال کاحساب دینا پڑے گا۔ ‘‘

شیئر کریں۔