بھٹکل (فکرخبر نیوز) بھٹکل کو بجا طور پر مساجد کا شہر کہا جاتا ہے۔ اس نسبتاً چھوٹے سے علاقے میں سو کے قریب مساجد موجود ہیں، جہاں ماہِ رمضان المبارک میں ہر مسجد میں تراویح کے دوران قرآنِ کریم سنانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ عام طور پر ہر مسجد میں چار حفاظ کرام تراویح سناتے ہیں، جبکہ بعض بڑی مساجد میں چھ سے آٹھ حفاظ بھی اس سعادت میں شریک ہوتے ہیں۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ شہر کی تقریباً تمام مساجد میں تراویح کے دوران قرآنِ کریم کی تلاوت ایک ہی متعین ترتیب کے مطابق کی جاتی ہے۔ اس ترتیب کے تحت رمضان کے ابتدائی چار دنوں میں ہر رات تقریباً سوا پارہ قرآنِ کریم پڑھا جاتا ہے، جبکہ اس کے بعد روزانہ ایک ایک پارہ تلاوت کیا جاتا ہے۔ اسی نظام کے مطابق بیشتر مساجد میں 29ویں شب کی تراویح میں قرآنِ کریم مکمل کرلیا جاتا ہے۔
اس مشترکہ ترتیب کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اگر کسی شخص کو کسی دن اپنی معمول کی مسجد میں تراویح پڑھنے کا موقع نہ ملے تو وہ شہر کی کسی بھی دوسری مسجد میں آسانی سے شامل ہوسکتا ہے، کیونکہ تقریباً تمام مساجد میں ایک ہی پارہ یا اسی حصے کی تلاوت جاری ہوتی ہے۔ اس طرح نمازیوں کو تسلسل برقرار رکھنے میں سہولت ملتی ہے۔
