بھٹکل (فکرو خبر نیوز) قومی شاہراہ کی توسیع کے منصوبے کے تحت آج شمس الدین سرکل پر قائم تاریخی شمس الدین کلاک ٹاور کو منہدم کر دیا گیا۔ کئی برسوں سے رکے ہوئے نیشنل ہائی وے کے توسیعی کام کو دوبارہ رفتار ملنے کے بعد انتظامیہ نے ٹاور کو گرا کر سڑک کشادگی کی راہ ہموار کی۔شمس الدین سرکل، شہر کی معروف شخصیت شمس الدین صاحب کے نام سے منسوب ہے، جو بھٹکل کی سماجی و رفاہی خدمات کے حوالے سے پہچانے جاتے تھے۔ کلاک ٹاور کئی برسوں سے اس مقام کی شناخت سمجھا جاتا تھا، تاہم توسیعی منصوبے کے باعث اسے ہٹانا ناگزیر قرار دیا گیا۔علاقہ مکینوں میں اس اقدام پر ملے جلے تاثرات دیکھنے میں آئے۔ کچھ شہریوں نے ترقیاتی کام کو وقت کی ضرورت قرار دیا، جبکہ بعض نے تاریخی علامت کے خاتمے پر افسوس کا اظہار کیا۔انتظامیہ کی جانب سے فی الحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا مستقبل میں اسی مقام پر کوئی نئی یادگار یا متبادل کلاک ٹاور تعمیر کیا جائے گا یا نہیں۔
واضح رہے کہ شمس الدین سرکل پر قائم اس کلاک ٹاور کی تعمیر سنہ 2002 میں مقامی تاجر اور پیور گولڈ کے مالک شبیر کولا نے کروائی تھی۔ اس کی تعمیر پر تقریباً 10 لاکھ روپے لاگت آئی تھی۔شبیر کولا کے مطابق یہ کلاک ٹاور “سمبل آف یونٹی” کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا، جس کا مقصد شہر میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔کلاک ٹاور کے چاروں اطراف گھڑیاں نصب کی گئی تھیں تاکہ ہر سمت سے وقت دیکھا جا سکے۔ اس کے مرکزی حصے میں سونے کی پلیٹنگ سے مزین دو بڑے سائز کے کنگن نصب کیے گئے تھے، جو اس کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ کرتے تھے اور اسے ایک منفرد شناخت عطا کرتے تھے۔وقت گزرنے کے ساتھ یہ کلاک ٹاور بھٹکل کی پہچان بن گیا تھا۔ شہر کے تعارفی مواد، دعوت ناموں اور مختلف مواقع پر بھٹکل کی نمائندگی کے لیے اسی کلاک ۔ٹاور کی تصویر استعمال کی جاتی تھی۔
