ملپے سے نکلی ماہی گیر کشتی سمندر میں ڈوب گئی، کشتی پر سوار پانچوں افراد محفوظ

کنداپور: ملپے بندرگاہ سے ماہی گیری کے لیے روانہ ہونے والی ایک کشتی کنداپور اور گنگولی کے درمیان سمندر میں حادثے کا شکار ہو کر ڈوب گئی تاہم اس میں سوار پانچوں ماہی گیروں کو بروقت کارروائی کے ذریعے بحفاظت بچا لیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق ’سری درگاپرمیشوری‘ نامی کشتی 23 فروری کی رات ملپے بندرگاہ سے ماہی گیری کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ 24 فروری کو سمندر میں سفر کے دوران مبینہ طور پر کوئی سخت شے کشتی کے نچلے حصے سے ٹکرا گئی، جس کے بعد انجن کے قریب پانی داخل ہونا شروع ہو گیا۔ پانی بڑھنے کے باعث کشتی کا انجن بند ہو گیا اور کشتی بے قابو ہو گئی۔

کشتی میں سوار ماہی گیروں پرکاش، رنجیت، راگھویندر، راما اور سری نواسا نے فوری طور پر پانی نکالنے کی کوشش کی، تاہم وہ ناکام رہے۔ تمام ماہی گیر کمٹہ کے رہنے والے بتائے گئے ہیں۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ملپے بندرگاہ سے ’سری کرشنا‘ نامی کشتی کے ماہی گیر اور کوسٹ گارڈ اہلکار موقع پر پہنچے اور پانچوں افراد کو بحفاظت نکال لیا۔

بعد ازاں امدادی کشتی نے متاثرہ کشتی کو رسی کے ذریعے باندھ کر تقریباً 8 تا 9 سمندری میل تک گنگولی بندرگاہ کی طرف کھینچنے کی کوشش کی، لیکن تیز ہواؤں اور لہروں کے باعث رسی ٹوٹ گئی اور کشتی مکمل طور پر سمندر میں ڈوب گئی۔ کشتی کے مالک ناگراج پتران، جو کیمانی کے رہنے والے ہیں، نے شکایت میں تقریباً 60 سے 65 لاکھ روپے کے مالی نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ واقعہ کے سلسلے میں گنگولی کوسٹل سیکورٹی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔