بھٹکل(فکروخبرنیوز/موصولہ نیوز) موجودہ دور میں جب بچوں کی دلچسپی کتابوں سے کم ہوتی دکھائی دیتی ہے، ایسے میں ادارہ ادبِ اطفال بھٹکل کے شعبۂ کتب خانہ کی مطالعہ بیداری مہم ایک خوش آئند قدم ثابت ہوئی۔ سال 1447ھ/2026ء کے تحت جاری اس مہم کا انعامی پروگرام بچوں کی فطرت لائبریری، سلطانی محلہ بھٹکل میں منعقد ہوا، جہاں کثرت سے مطالعہ کرنے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انعامات دیے گئے۔
مہم کے دوران مولانا عبد الباری لائبریری اور فطرت لائبریری میں بچوں کو عمر کے لحاظ سے تین گروپوں میں (سفلیٰ (6 تا 8 سال)، وسطیٰ (9 تا 12 سال) اور علیا (13 تا 18 سال) )تقسیم کیا گیا۔
بچوں کو کتابیں پڑھنے کی ترغیب دی گئی اور مطالعہ کے بعد ان کا جائزہ بھی لیا گیا۔ بچوں نے شوق اور دلچسپی کے ساتھ اس مہم میں حصہ لے کر یہ ثابت کیا کہ سازگار ماحول اور رہنمائی ملے تو مطالعہ کی عادت آج بھی بچوں میں فروغ پاسکتی ہے۔
28 شعبان المعظم 1447ھ مطابق 16 فروری 2026ء بروز پیر بعد نمازِ عصر منعقدہ نشست کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ عبداللہ وارف خطیب نے حاصل کی۔ اس کے بعد ابوبکر ہلارے نے نہایت دلنشیں انداز میں نعتِ پاک پیش کی۔ پھر کاروان اطفال کلاسس کے ننھے طلبہ نے خوب صورت اور متاثر کن پروگرام پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
اس موقع پر ادارہ ادبِ اطفال بھٹکل کے ناظمِ نشریات مولانا آفاق محتشم ندوی نے اس مطالعہ کی مہم میں حصہ لینے والے بچوں کو مبارکباد دی اور انہیں اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے، نیز رمضان المبارک کو بہتر انداز میں گزارنے اور ایک مثالی رمضان بنانے کی ترغیب دی۔ بعد ازاں ناظم شعبۂ کتب خانہ مولانا ریاض الرحمن اکرمی ندوی نے رمضان میں کلاسس کے اوقات کی وضاحت کی اور مطالعہ کے ذریعے انعامات حاصل کرنے کا شوق دلاتے ہوئے بچوں کو اچھی نیت، دعا اور محنت کے ساتھ آگے بڑھنے کی نصیحت کی۔
آخر میں مطالعہ بیداری مہم کے ممتاز قارئین کا اعلان کیا گیا اور انہیں مولانا معظم شہ بندری ندوی اور مولانا رائف فاتح کولا ندوی کے ہاتھوں انعامات سے نوازا گیا۔ الحمدللہ یہ بامقصد اور تربیتی نشست بچوں کے لیے نہایت مفید اور حوصلہ افزا ثابت ہوئی۔
"ننھا قاری ایوارڈ ” حاصل کرنے والے :
· سفلی گروپ :
عبدالرحمن واقد ابن عبدالمحیط خطیب – 242 کتابیں 3128 صفحات
· وسطی گروپ :
عمر ابن ڈاکٹر عبدالحمید اطہر رکن الدین – 142 کتابیں 2859 صفحات
· علیا گروپ:
عبداللہ وارف ابن عبدالمحیط خطیب ندوی – 40 کتابیں 11297 صفحات
مطالعہ بیداری مہم کے ممتاز قارئین :
1) محمد سراج ابن عبدالنافع اکرمی =41 کتابیں 2284 صفحات
2) رحیق ابن عبد الحمید یم ہیچ = 21 کتابیں 2112 صفحات
3)احمد نواس بن مولانا سمعان خلیفہ ندوی = 79 کتابیں 1497 صفحات
4 )ابو بکر بن وصی اللہ ہلارے = 37 کتابیں 1272صفحات
5)معنی بن مولانا عبدالحمید اطہر ندوی =82 کتابیں 1168 صفحات
6) زید بن محمد ساجد اکرمی = 67 کتابیں 1057 صفحات
7)عبدالباری شنگیری ابن مدثر شنگیری= 114کتابیں 1317صفحات
8)عبد الحنان ابن عبد الواسع دامودی = 66 کتابیں 1308 صفحات
9) عبد الحفیظ ابن عبدالمقیت قاضیا= 61 کتابیں 1128 صفحات
جلسہ کی نظامت حافظ احمد ابن محمد صادق خلیفہ نے نہایت خو ساتھ انجام دی، جس سے محفل ابتدا سے اختتام تک منظم اور پُراثر رہی۔ پروگرام میں خوبصورت انعامات کے ساتھ لکی ڈرا کا بھی اہتمام کیا گیا، جس نے حاضرین کی دلچسپی کو دوبالا کر دیا۔ آخر میں دعا اور بہترین تواضع کے ساتھ یہ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
