بھٹکل کے نوجوان کی منگلورو میں المناک سڑک حادثے میں موت، تفریحی سفر غم میں بدل گیا

منگلورو: منگلورو میں پیش آئے ایک دل دہلا دینے والے سڑک حادثے میں بھٹکل کے ایک نوجوان کی جان چلی گئی، جس کے باعث دوستوں کے ساتھ کیا گیا تفریحی سفر غم و اندوہ میں تبدیل ہوگیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت افہام شاہ بندری (18) ابن سمیر شاہ بندری، ساکن آزاد نگر، بھٹکل کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ افہام اپنے چار دوستوں کے ہمراہ کیرالہ کے تفریحی سفر کے لیے بھٹکل سے روانہ ہوا تھا۔ یہ حادثہ منگل کی رات تقریباً 1:30 بجے اس وقت پیش آیا جب ان کی کار منگلورو شہر میں داخل ہو رہی تھی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق، کار اچانک بے قابو ہو کر کلور پل سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ افہام گاڑی سے باہر جاگرا اور اسے اندرونی طور پر شدید چوٹیں آئیں، جس کے نتیجے اس کی موت واقع ہوگئی۔

حادثے میں کار میں سوار ایک اور نوجوان محمد ملپا (20) کو بھی چوٹیں آئیں ہیں۔ جسے فوری طور پر منگلورو کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ کار میں موجود باقی تین نوجوان محفوظ بتائے جارہے ہیں۔

افہم شابنداری نے حال ہی میں مدرسہ کی تعلیم مکمل کی تھی اور وہ آئندہ SSLC (دسویں جماعت) کے امتحانات کی تیاری کر رہا تھا۔ اس کی ناگہانی موت سے اہلِ خانہ، دوست احباب اور شہر بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

پوسٹ مارٹم کے بعد افہم کی میت منگلورو سے بھٹکل لائی گئی، جہاں بھٹکل جامع مسجد میں بعد نمازِ عشاء نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ بعد ازاں مرحوم کو قریبی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔