آسام بی جے پی کی متنازع ویڈیو پر سیاسی ہلچل، کانگریس و اپوزیشن کا شدید ردعمل

گوہاٹی : آسام بی جے پی کے ایکس (X) ہینڈل سے پوسٹ کی گئی ایک متنازع ویڈیو نے سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل پیدا کر دیا ہے، جس کے بعد پارٹی کو یہ ویڈیو ایکس سے ہٹانی پڑی۔ ویڈیو میں وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما کو بندوق تھامے دکھایا گیا ہے، جبکہ نشانے پر موجود ایک شخص کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی سے مشابہت رکھتا ہے۔

ہفتہ کے روز پوسٹ کی گئی اس ویڈیو کو “پوائنٹ بلینک شاٹ” کے کیپشن کے ساتھ شیئر کیا گیا تھا، جس میں “بنگلہ دیشیوں پر کوئی رحم نہیں” اور “غیر ملکیوں سے پاک آسام” جیسے جملے شامل تھے۔ ویڈیو سامنے آتے ہی کانگریس، ترنمول کانگریس اور سی پی آئی (ایم) نے اسے اقلیتوں کے خلاف نفرت، تشدد اور نسل کشی کی کھلی ترغیب قرار دیا۔

کانگریس نے بیان میں کہا کہ یہ ویڈیو محض ٹرول مواد نہیں بلکہ سماج میں زہر گھولنے اور بڑے پیمانے پر تشدد کو ہوا دینے کے مترادف ہے، جس کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔ آل انڈیا ترنمول کانگریس اور سی پی آئی (ایم) نے بھی اسے فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اتوار کے روز ویڈیو کو حذف کر دیا گیا، تاہم آسام بی جے پی کے ترجمانوں اور سوشل میڈیا کنوینر نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ برس بھی اسی ایکس ہینڈل سے ایک متنازع AI ویڈیو پوسٹ کی گئی تھی، جس پر سپریم کورٹ نے نوٹس جاری کیا تھا۔