بھٹکل (فکروخبرنیوز) پیامِ انسانیت فورم، بھٹکل یونٹ کی جانب سے ہنگر فری انڈیا کے عنوان کے تحت ملک بھر میں بلاتفریق مذہب وملت کھانے اور پینے کی اشیاء تقسیم کی گئی ۔ اسی کے تحت آج شمس الدین سرکل کے قریب بس اڈے کے بالمقابل ٹینٹ نصب کر کے عوام کا پُرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں آنے جانے والے مسافروں اور شہریوں کو کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیامِ انسانیت کے مقامی ذمہ داران نے بتایا کہ پیامِ انسانیت کی تحریک کی بنیاد حضرت مولانا علی میاں ندویؒ نے رکھی تھی۔ انہوں نے اپنے دور میں نہایت بصیرت افروز انداز میں اس پیغام کو ملک کی ایک اہم ضرورت قرار دیا تھا۔ مولانا نے کہا کہ اسی فکر کے تحت آج پیامِ انسانیت فورم ملک کے مختلف صوبوں اور علاقوں میں سرگرمِ عمل ہے، جس کا بنیادی مقصد معاشرے میں محبت، بھائی چارہ اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسان ہونے کے ناطے ہم سب برابر ہیں، کسی کو کسی پر کوئی فوقیت حاصل نہیں۔ ایک دوسرے کے دکھ درد کو سمجھنا اور باہمی تعاون کے ذریعے آگے بڑھنا ہی ایک مضبوط اور پُرامن معاشرے کی بنیاد ہے۔
پروگرام کے دوران فورم کے ذمہ داران اور رضاکاروں نے آنے والے افراد سے خوش اخلاقی کے ساتھ ملاقات کی اور قریب 100 سواریوں پر انسانیت کے پیغام پر مشتمل اسٹیکرز بھی لگائے گئے اور انہیں پیامِ انسانیت کا پیغام دیا گیا۔ تقریبا ڈیڑھ ہزار لوگوں نے اس سے فائدہ اٹھایا۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے فورم کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کے پروگرام سماج میں باہمی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دیتے ہیں۔
پروگرام کے اختتام پر فورم کے ذمہ داران نے تعاون کرنے والے تمام افراد اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔
