بنگلور ۔ منگلورو وندے بھارت ایکسپریس کو کاروار تک توسیع پر غور، وزیر ریلوے وی سومنا کا بیان

دانڈیلی (فکروخبرنیوز)  بنگلورو اورمنگلورو کے درمیان چلانے والی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو کاروار تک توسیع دینے کے امکانات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں مرکزی سطح پر بات چیت جاری ہے۔

مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے وی سومنا نے ہفتہ کے روز دانڈیلی ریلوے اسٹیشن پر دانڈیلی–النّاور کے درمیان نئی مسافر ٹرین سروس کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران بتایا کہ انکولا–ہبلی نئی ریلوے لائن کی تعمیر کے منصوبے پر تقریباً 17 ہزار کروڑ روپے لاگت متوقع ہے اور امید ہے کہ اسے جلد ہی ضروری منظوری حاصل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد النّاور–دانڈیلی ٹرین کو ہبلی تک توسیع دی جائے گی۔

ان کے مطابق اس وقت کرناٹک میں ریلوے کے شعبے میں تقریباً 52,952 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام انجام دیے جا رہے ہیں، جن میں 3,840 کلومیٹر نئی ریلوے لائنیں، 707 اوور اور انڈر بریجز کی تعمیر، 61 ریلوے اسٹیشنوں کی جدید کاری اور متعدد دیگر اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جو مسافر ٹرین خدمات عارضی طور پر بند ہیں انہیں مرحلہ وار دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقامی رکنِ اسمبلی آر وی دیش پانڈے نے کہا کہ الّناور–دانڈیلی ریل سروس کا خواب سابق مرکزی وزیر سریش انگڈی کی کاوشوں سے شرمندۂ تعبیر ہوا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سروس کو مستقل بنانے کے لیے اسے ہبلی یا بیلگاوی سے جوڑا جائے اور اتوار کے دن بھی ٹرین چلانے پر غور کیا جائے۔ ساتھ ہی ہبلی–پندھارپور براہ راست ٹرین اور میرج–کیسل راک مسافر سروس کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

ادھر، رکنِ پارلیمنٹ وشویشور ہیگڑے کاگیری نے بتایا کہ تالگوپا–سرسی–منڈگوڈ–ہبلی ریلوے لائن کا سروے مکمل ہو چکا ہے اور فی الحال یہ منصوبہ ڈی پی آر مرحلے میں ہے۔ انہوں نے دانڈیلی ریلوے اسٹیشن کے اطراف مناسب بس سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی اسکیمیں بلا تفریق عوام تک پہنچائی جا رہی ہیں۔

اس تقریب میں سابق اراکینِ اسمبلی سنیل ہیگڑے، روپالی نائک اور گھوٹنیکر، سب ڈویژنل افسر شروَن کمار، ہبلی ڈویژن کے ریلوے منیجر، کونکن ریلوے کی ڈویژنل منیجر آشا شیٹی، چیف کمرشل منیجر ایس پی شاستری، تحصیلدار شیلیش پرمانند سمیت متعدد اعلیٰ عہدیداران اور مقامی شخصیات شریک تھیں۔