بھٹکل میں آدھار سے متعلق مسائل کے حل کے لیے عوام کو تھوڑی راحت، منی ودھا سودھا میں آدھار سینٹر دوبارہ شروع

بھٹکل (فکروخبرنیوز) بھٹکل میں آدھار کارڈ سے متعلق مختلف مسائل کے حل کے لیے پریشان عوام کے لیے ایک راحت بھری خبر سامنے آئی ہے۔ طویل وقفے کے بعد منی ودھا سودھا میں آدھار سینٹر کو آج سے دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے، جو کچھ عرصے سے بند تھا۔ اس اقدام سے شہریوں، بالخصوص خواتین، بزرگوں اور بچوں کو بڑی سہولت حاصل ہونے کی امید ہے۔

واضح رہے کہ آدھار کارڈ میں درستگی، موبائل نمبر لنک، تاریخِ پیدائش اور دیگر تفصیلات میں تبدیلی کے لیے عوام کو اب تک شہر کے واحد پوسٹ آفس میں قائم آدھار سینٹر سے رجوع کرنا پڑ رہا تھا۔ وہاں ہر مہینے کے آغاز میں محدود تعداد میں ٹوکن جاری کیے جاتے تھے، جس کی وجہ سے عوام کو مخصوص دنوں میں ہی سینٹر پہنچنا پڑتا تھا۔ اس عمل کے دوران صبح سویرے سے خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو طویل قطاروں میں کھڑے دیکھا جاتا تھا، جس سے شدید پریشانی اور وقت کے ضیاع کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

منی ودھا سودھا میں آدھار سینٹر کی بحالی کے بعد اب توقع کی جا رہی ہے کہ پوسٹ آفس پر پڑنے والا دباؤ کم ہوگا اور عوام کو اپنے آدھار سے جڑے مسائل کے حل کے لیے زیادہ مواقع اور سہولت میسر آئے گی۔ شہریوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آدھار سینٹر میں عملے اور ٹوکن کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچ سکے۔ اسی طرح تعلقہ کے ہر پنچایت میں آدھار سینٹر کے قیام سے عوام کو ہورہی پریشانیوں سے راحت ملنے کی زیادہ امید ہے۔