کرناٹک : ایس ایس ایل سی ٹاپرس کو لیپ ٹاپ کے بجائے نقد انعام

بنگلورو: کرناٹک حکومت نے ایس ایس ایل سی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے لیپ ٹاپ فراہم کرنے کے بجائے نقد ترغیب دینے کا اعلان کیا ہے۔

ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ سرکاری حکم کے مطابق،نظرثانی شدہ اسکیم کے تحت ہر ضلع سے ایس ایس ایل سی کے ٹاپ تین رینک ہولڈرز کو فی کس 50 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ یہ رقم براہ راست بینیفٹ ٹرانسفر (DBT) نظام کے تحت مستفید طلباء کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی۔

حکام کے مطابق یہ اسکیم تعلیمی سال 2024-25 کے دوران ریاست بھر کے 758 طلبہ کا احاطہ کرے گی۔ نقد انعام کی تقسیم ریاستی اسکالرشپ پورٹل کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ رقم طلبہ کے آدھار سے منسلک بینک کھاتوں میں جمع کرائی جائے گی۔

ریاستی حکومت نے اس اقدام کے لیے "کوالٹی ایشورنس اینڈ اسٹوڈنٹ موٹیویشن انیشیٹو” پروگرام کے تحت تقریباً 3.25 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔