بھٹکل : آئی این ایف بھٹکل کی جانب سے آج شجرکاری مہم ، ضلع انچارج وزیر اور ڈپٹی کمشنرکی شرکت

بھٹکل (فکروخبرنیوز) ماحولیاتی تحفظ، صاف فضا اور صحت مند سماج کے قیام کے مقصد سے گرین بھٹکل مہم کے تحت انڈین نوائط فورم (INF) بھٹکل کی جانب سے آج ایک شجرکاری پروگرام منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام رابطہ آفس کے بالمقابل واقع الحاج محی الدین منیری روڈ پر کے درمیان ریلنگ کے درمیان درخت لگا کر انہیں پانی دیا گیا۔

اس موقع پر مقامی ایم ایل اے اور ضلع اتراکنڑا کے انچارج وزیر منکال ایس وائدیا، ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا اور شہر کے مختلف سماجی و تعلیمی اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ معزز مہمانوں نے شجرکاری کے ذریعہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

رابطہ ہال میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جب تک شہر کی صفائی و ستھرائی کے ساتھ شجرکاری کو ترجیح نہیں دی جائے گی، اس وقت تک بھٹکل کو حقیقی معنوں میں خوبصورت اور صحت مند شہر نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ درخت نہ صرف آلودگی میں کمی کا ذریعہ ہیں بلکہ بیماریوں کے خاتمے، صاف ستھری ہوا اور بہتر طرزِ زندگی کے لیے بھی نہایت ضروری ہیں۔

مقررین نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری کو محض ایک مہم نہ سمجھیں بلکہ اسے اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں، تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف ماحول اور صحت مند فضا میسر آ سکے۔

اس موقع پر انڈین نوائط فورم کے صدر جناب آفتاب کولا، رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری جناب عتیق الرحمن منیری، انجمن حامی مسلمین کے صدر جناب یونس قاضیا، مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری ، آئی این ایف کے سابق صدر جناب ارشد محتشم اور سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔