بھٹکل میں معذور بچوں کی تعلیم وتربیت کے لیے الکوثر گرلز کالج میں وژڈم اسپیشیل اسکول کا افتتاح

بھٹکل(فکروخبرنیوز) الکوثر گرلز کالج میں معذور بچوں کے لیے وژڈم اسپیشییل اسکول کا آج افتتاح عمل میں آیا۔ بھٹکل واطراف میں معذور بچوں کی دینی واسلامی ماحول میں تعلیم وتربیت کا یہ پہلا اسکول ہے جہاں معذور بچوں کے لیے تمام تر سہولیات کے ساتھ تعلیم اور تربیت کا نظم ہے۔

اس موقع پر مقررین نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران الکوثر کے ذمہ داران کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے موجودہ دور کی اہم ضرورت کی تکمیل کی طرف ایک قدم بڑھایا ہے۔ بھٹکل میں اس طرح کے اسکول کی بڑی سخت ضرورت محسوس کی جارہی تھی اور امید کی جارہی ہے کہ اس سے بڑی تعداد میں معذور بچے استفادہ کریں گے۔ تمام مقررین نے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جن گھروں میں معذور بچے ہیں انہیں ہی اس کا اندازہ ہے کہ انہیں سنبھالنا کتنا مشکل ہوتا ہے لیکن ان کے والدین بڑے شوق سے ان کی خدمت کرتے ہیں، ان کے سامنے خدمت کا نہیں بلکہ ان کی تعلیم وتربیت کا بڑا اہم سوال ہے جس کا جواب الکوثر کے ذمہ داران نے عملی طور پر دیا ہے۔ مقررین نے اس موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ہرطرح کے تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس موقع پر قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی ، قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی ، بانی وجنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی ، صدر انجمن حامی مسلمین بھٹکل جناب یونس قاضیا ، بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے جنرل سکریٹری جناب عتیق الرحمن منیری اور دیگر اداروں کے ذمہ داران موجود تھے۔