بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل میں اہم شاہراہ کے توسیعی مرحلے کا وہ کام جو گزشتہ کئی برسوں سے تعطل کا شکار تھا، اب دوبارہ باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔ رنگن کٹے علاقے میں واقع ایک بڑے درخت کو نکالنے کا عمل آج شروع کیا گیا، جس کے بعد شاہراہ کی توسیع کا مرحلہ آگے بڑھنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس درخت کو ہٹانے کے سلسلے میں اس سے قبل ڈپٹی کمشنر نے ایک تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے درخت کو منہدم کرنے کی تاریخ طے کی تھی، تاہم مقامی عوام کی گزارش پر اس تاریخ میں توسیع کی گئی تھی۔ مقررہ مہلت مکمل ہونے کے بعد آج عملی طور پر درخت کو نکالنے کا آغاز کر دیا گیا۔
آج درخت کی کئی بڑی شاخوں کو کاٹا گیا، جبکہ جے سی بی مشین کی مدد سے اس کے اطراف کھدائی کا کام بھی انجام دیا گیا۔ متعلقہ حکام کے مطابق امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ دو دنوں میں یہ کام مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد شاہراہ کے توسیعی مرحلے میں تیزی آئے گی اور عوام کو آمد و رفت میں سہولت حاصل ہوگی۔
