ٹرمپ کا خامنہ ای کی قیادت ختم کرنے کا مطالبہ

واشنگٹن/تہران: ایران میں حکومت مخالف احتجاج میں نمایاں کمی کے دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی قیادت ختم کرنے اور نئی قیادت لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ خامنہ ای کے 37 سالہ دورِ اقتدار نے ایران کو “دنیا کی بدترین جگہوں میں سے ایک” بنا دیا ہے۔ٹرمپ نے ایرانی قیادت پر جبر اور بے مثال تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں افراد کو مار کر اقتدار برقرار رکھنا قیادت نہیں بلکہ خوف کی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کا اصل مطلب احترام ہے، نہ کہ تشدد۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران میں کئی ہفتوں سے جاری مظاہروں کے بعد سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن سے صورتحال کسی حد تک قابو میں آ گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان کارروائیوں میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے ہیں، تاہم ایران نے مظاہروں کو دہشت گردی اور بیرونی سازش قرار دیا ہے۔ادھر جلاوطن شاہ رضا پہلوی نے ایرانی عوام سے احتجاج جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے سیکولر جمہوریت اور ریفرنڈم کے ذریعے نئی حکومت کے قیام کی بات دہرائی ہے۔