بھٹکل (فکروخبرنیوز) ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (SIR) اور ووٹر میپنگ کے حوالے سے عوامی بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی جانب سے آمنہ پیلس میں ایک اہم سماجی اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں نوجوانوں، سماجی کارکنوں اور مختلف اداروں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
فیڈریشن کی جنرل سکریٹری جناب مبشر ہلارے نے کہا کہ آئندہ دنوں میں عوام کو درپیش دستاویزی مسائل کے حل اور تصدیقی عمل میں سہولت فراہم کرنے کے لیے کمیونٹی کی سطح پر ہیلپ لائن مراکز قائم کیے جائیں گے جہاں رہنمائی اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کہ موجودہ مرحلے میں کچھ عام دستاویزات SIR تصدیق کے لیے قابلِ قبول نہیں ہیں، جس کے باعث شہریوں کو متبادل اور درست کاغذات کی تیاری پر توجہ دینی ہوگی۔ مقررین نے یقین دلایا کہ اسی نوعیت کے بیداری پروگرام آئندہ بھٹکل، مرڈیشور اور منکی سمیت دیگر علاقوں میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔
ایڈوکیٹ عمران لنکا نے کہا کہ حالیہ برسوں میں مختلف سرکاری اقدامات کے بعد اب ووٹر لسٹ کی نظرثانی کے عمل کے ذریعے کئی لوگوں کے ووٹ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، اس لیے خاص طور پر نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے دستاویزات بروقت درست کروائیں۔ شرکاء کو تلقین کی گئی کہ وہ فوری طور پر اپنی ووٹر لسٹ کی جانچ کریں اور کسی بھی قسم کی خامی کی صورت میں متعلقہ فورمز سے رجوع کریں۔ انہوں نے اس کے قانونی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر دستاویزات مکمل نہ ہوں تو اصل ووٹروں کے نام بھی فہرست سے خارج ہونے کا خطرہ موجود ہے، اس لیے لاپرواہی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
پروگرام کا آغازمولوی سید سالک احمد ندوی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا،صدر فیڈریشن مولوی وصی اللہ ندوی نے صدارتی کلمات میں تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
